بلدیہ وسطی میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری

قانونی عمل کی راہ میںکسی قسم کا سیاسی دبائو خاطر میں نہیں لایا جائے گا، ریحان ہاشمی

پیر 19 نومبر 2018 22:34

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2018ء) سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات پر میئر کراچی کی جانب سے غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کے خلاف شروع کیا جانے والاآپریشن بلدیہ وسطی میں بھی پوری شدت کے ساتھ جاری ہے۔ بلدیہ وسطی کا اینٹی انکروچمنٹ ڈپارٹمنٹ بلا تفریق ہر قسم کی غیر قانونی تجاوزات کو منہدم کررہاہے جبکہ بہت سے دکانداروں اور پتھارے داروں نے اپنی غیر قانونی تعمیرات کو از خود منہدم کردیا ۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں میئر کراچی کی جا نب سے جاری اینٹی انکروچمنٹ آپریشن کا سلسلہ ضلع وسطی چیئرمین ریحان ہاشمی کی نگرانی میں پوری شدّت کے ساتھ جاری ہے ، اینٹی انکروچمنٹ ڈپارٹمنٹ کا عملہ ہیوی مشنری اور افرادی قوت استعمال کرتے ہوئے ہر قسم کی غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کو منہدم کررہا ہے ۔

(جاری ہے)

تاہم قبضہ مافیہ اور انُن کے ایجنٹوں کی جانب سے کسی بھی ناخوشگوار ردِّ عمل سے نمٹنے کے لئے رینجرز اور پولیس کی مدد بھی لی گئی ہے۔

ریحان ہاشمی نے بلدیہ وسطی کے اینٹی انکروچمنٹ ڈپارٹمنٹ کو ہدایت کی ہے کہ قانونی عمل کی راہ میں کسی بھی قسم کا سیاسی دبائو خاطر میں نہ لایا جائے اور ناجائز تجاوزات کو بلا تفریقِ اثر و رُسوخ گرادیاجائے اور ناجائز قبضہ کی گئی زمین قابضین سے خالی کرالی جائے۔واضح رہے کہ غیر قانونی تجاوزات کے خلاف قانون کے حرکت میں آنے سے عوام کا حوصلہ بڑھا ہے ، پہلے عوام قبضہ مافیہ کی بدمعاشی کے ڈرسے خاموش رہتے تھے لیکن اب سپریم کورٹ کے احکامات نے انہیں ہمت دلادی اور چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی کو مختلف علاقوں کے رہائشی افراد نے غیر قانونی تجاوزات اور تعمیرات کی نشاندہی کی ہے۔

غیر قانونی تجاوزات کے خلاف مہم کے آغاز سے قبل ضلع وسطی میں قائم تمام ناجائز تجاوزات قائم کرنے والوں کو باقاعدہ نوٹس جاری کردئے گئے تھے جبکہ اِن تجاوزات پر نوٹس چسپاں کرنے کے ساتھ ہینڈ بل تقسیم کئے گئے اور تنبیہی بینرز بھی لگادئے گئے تھے۔اگرچہ اینٹی انکروچمنٹ ڈپارٹمنٹ کے افسران و اہلکاروں کو دھمکیاں اور دبائو کا بھی سامنا ہے تاہم ریحان ہاشمی نے کسی بھی قسم کے دبائو کو خاطر میں نہ لانے کی ہدایت کردی ہے اور وہ قانون کی راہ میں کسی رکاوٹ کو قبول کرنے کو تیار نہیں۔