مستقل مزاجی اور محنت ہی کامیابی کی کنجی ہے،ڈاکٹر یاسمین راشد

طالبات کو دوران تعلیم کھیلوں اور ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی حصہ لینا چاہیئے ‘صوبائی وزیر

پیر 19 نومبر 2018 22:48

مستقل مزاجی اور محنت ہی کامیابی کی کنجی ہے،ڈاکٹر یاسمین راشد
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2018ء) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشدنے نوجوان طالبات کو نصیحت کی ہے کہ مستقل مزاجی اور محنت ہی کامیابی کی کنجی ہے، طالبات کو دوران تعلیم کھیلوں اور ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی حصہ لینا چاہیئے ، کنیئرڈ کالج لاہور میں ویمن چیمبر آف کامرس کے تعاون سے ایک مباحثے میں بطور مہمان خصوصی اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے اپنے بچپن اور زمانہ طالبعلمی کی یادیں تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ میں ابتدا میں کم نمبروں کی وجہ سے میڈیکل کالج میں داخلہ نہ حاصل کرسکی اور ڈینٹل کلاسز میں داخلہ لے لیا لیکن میں دن رات اپنے شوق کی تکمیل کے لئے سوچتی رہی۔

اللہ کے فضل سے دوبارہ امتحان دینے پر مجھے ایم بی بی ایس کلاس میں داخلہ مل گیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں چیئرپرسن ویمن کمیشن پنجاب فوزیہ وقاص، چیف کمشنر کسٹمز لاہورزیبا حیی، پرنسپل کنیئرڈ کالج رخسانہ ڈیوڈاور صدر ویمن چیمبرآف کامرس فائزہ امجد بھی موجودتھیں۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ میں نے زمانہ طالب علمی میں ازدواجی زندگی کے ساتھ کیرئیر پر بھی مسلسل توجہ دی۔

انہوں نے کہا کہ مشترکہ خاندان کی روایت بہت بڑی غنیمت ہے کیونکہ میں اپنے چھوٹے بچے کو گھر میں کسی کے پاس چھوڑ کر ملازمت پر چلی جاتی۔ اس روایت کو آگے چلنا چاہیئے۔ سیاست کا شوق شاید بچپن سے ہی میرے اندر کہیں موجود تھا۔پی ایم اے کے پلیٹ فارم پر ڈاکٹروں کے حقوق کے لئے طویل جدوجہد کی۔ میرے سسر بھٹو دور کی کابینہ میں وزیر رہے اور وہی سیاست میں میرے استاد ہیں۔ انہوں نے ہمیشہ میری حوصلہ افزائی کی۔ مباحثے میں اظہار خیال کرتے ہوئے فائزہ امجد نے وزیر صحت کو آج کی خواتین کے لئے رول ماڈل قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بہت کم خواتین کو پیشہ ورانہ اور سیاسی زندگی میں بیک وقت اتنی زیادہ کامیابی ملی جتنی ڈاکٹر یاسمین راشد کو ملی۔