آئی ٹی یونیورسٹی کے سافٹ ویئر کے ذریعے پی ایس ایل فور کھلاڑیوں کاڈرافٹ (کل) اسلام آباد میں ہو گا

پیر 19 نومبر 2018 22:50

آئی ٹی یونیورسٹی کے سافٹ ویئر کے ذریعے پی ایس ایل فور کھلاڑیوں کاڈرافٹ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2018ء) پاکستان سپر لیگ فور کے کھلاڑیوں کے ڈرافٹ کا عمل کل منگل کو اسلام آباد میں ہو گا۔ گزشتہ برس کی طرح اس مرتبہ بھی انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی کی کھیلوں کی تجزیاتی ٹیم اس کی آفیشل پارٹنر ہے۔ آئی ٹی یو نیورسٹی نے ڈرافٹ کے تمام عمل بشمول کھلاڑیوں کے انتخاب‘ برقرار رکھنے‘ اہم اعلانات‘وغیرہ کے لئے ایک خصوصی سافٹ ویئر وضع کیا ہے ۔

تمام چھ ٹیموں کے پاس اپنے اپنے اکاؤنٹ لاگ اِن ہوں گے جس کے ذریعے وہ نہ صرف کھلاڑیوں کا انتخاب کر سکیں گے بلکہ کھلاڑیوں کی تلاش اور ان کی کارکردگی بارے اہم معلومات بھی حاصل کر سکیں گے۔پروجیکٹ ڈائریکٹر آئی ٹی یو طلحہ رحمانی کہتے ہیں کہ پی ایس ایل پاکستانیوں کا پسندیدہ ایونٹ ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ اور پی ایس ایل کیلئے سافٹ ویئر کی تیاری آئی ٹی یونیورسٹی کے لئے باعث اعزاز ہے۔

(جاری ہے)

رواں سال کے آغاز میں آئی ٹی یو نے عالمی اور ملکی کرکٹ کے فروغ اور کھیل میں دلچسپی لانے کے لئے اسے ڈیجیٹائز کرنے کی خاطر پی سی بی سے پانچ سالہ معاہدہ کیا تھا۔سافٹ ویئر کے ڈیزائن اور تیاری میں انضمام الحق اور مشتاق احمد نے خصوصی دلچسپی لی تھی۔ یہ سافٹ ویئر پہلی مرتبہ پی ایس ایل تھری میں متعارف کروایا گیا اور تمام میچز اسی کے ذریعے نشر کئے گئے۔