پشاور زلمی نے ترکی میں کرکٹ کے فروغ کے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کرلئے

پیر 19 نومبر 2018 23:08

پشاور زلمی نے ترکی میں کرکٹ کے فروغ کے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 نومبر2018ء) پشاور زلمی نے ترکی میں کرکٹ کے فروغ کے لئے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کرلئے ہیں ۔ ترکش ایمبیسی میں منعقد ہونے والی تقریب میں زلمی فائونڈیشن کے چیئرمین جاوید آفریدی‘ ترک سفیر یٰ یار داکل ‘ ترکی سے آئے ہوئے سپورٹس ڈویلپمنٹ کے سربراہ حسن اوزترک ‘ دیگر سفارت کار اور ترکی سے آئے ہوئے نوجوان کھلاڑی بھی موجود تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ترک سفیر نے جاوید آفریدی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کھیل کے میدان میں قائم کئے جانے والا یہ تعاون دونوں ممالک کے عوام کو مزید ایک دوسرے کے قریب لائے گا اور ایک دوسرے کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا کرکٹ کے کھیل میں ایک بڑا مقام ہے اور مجھے یقین ہے پاکستان کی کرکٹ میں مہارت سے ترکی کے نوجوان کھلاڑیوں کو بھی فائدہ پہنچے گا۔

(جاری ہے)

زلمی فائونڈیسن کے چیئرمین جاوید آفریدی نے اپنے خطاب میں کہاکہ ترکی سے معاہدے کے بعد زلمی فائونڈیشن کا یہ 25 واں معاہدہ ہے جو دنیا کے مختلف ممالک کے ساتھ کرکٹ کو فروغ اور انہیں تربیت دینے کے لئے کہا گیا۔ جس کا مقصد پاکستان کا وہ مثبت اور حقیقی تشخص متعارف کرایا ہے جو امن پسندی‘ مہمان نوازی اور کھیلوں سے محبت کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کے ساتھ ہم پہلے ہی محبت اور بھائی چارے کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔

اس معاہدے سے دو طرفہ تعلقات اور تعاون میں مزید اضافہ ہوگا۔ اور ترکی جو فٹبال کے کھیل میں مہارت اور ایک مقام رکھتا ہے وہ ہمارے نوجوان کھلاڑیوں کو تربیت میں مدد گار ہوں گے۔ ترکی سے آئے ہوئے سپورٹس ڈویلپمنٹ کے انچارج مسٹر حسن نے بھی دونوں ملکوں اور کھلاڑیوں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ بعد ازاں جاوید آفریدی نے ترکی سے آئے ہوئے انہیں نہ صرف زلمی کے کٹ بیگ اور کلر دیا بلکہ کہا کہ یہ پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن میں زلمی ٹیم کی بنچ سٹرینتھ کا حصہ ہوں گے۔