سولر ٹیوب ویل اور سولر پمپس کی اسکیم آبادگاروں کیلئے ہے ، اسکیم میں شفافیت کو مد نظر رکھا گیا ہے، وزیر زراعت سندھ

پیر 19 نومبر 2018 23:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2018ء) سندھ کے وزیر زراعت محمد اسماعیل راہو نے کہا ہے کہ سولر ٹیوب ویل اور سولر پمپس کی اسکیم آبادگاروں کے لئے ہے اور اسکیم میں شفافیت کو مد نظر رکھ گیا ہے تاکہ اس اس اسکیم کا فائدہ آباد گاروں کو پہنچے۔انہوں نے یہ یہ بات پیر کی سہ پہر سندھ اسمبلی کے اجلاس میںمحکمہ خوراک سے متعلق وفقہ سوالات کے دوران ارکان کے مختلف تحریری اور ضمنی سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہی ۔

جی ڈی اے کی خاتون رکن نصر ت سحر عباسی نے کہا کہ کرشنگ تاخیر سے شروع ہونیکے باعث گزشتہ برس آبادگاروں کو بڑی سنگین صورتحال کا سامنا کرنا پڑا تھا اور انہوں نے نہ صرف خود کو بلکہ فصلوں کو بھی آگ لگا دی تھی۔ اس بار ایسی صورتحال سے بچنے کے لئے گنے کا ریٹ جلد مقرر کئے جائیں اور کرشنگ بروقت شروع کیاجائے۔

(جاری ہے)

وزیر زراعت نے کہا کہ حکومت کو آبادگاروں کے مسائل کا اندازہ ہے اور وہ اس ضمن میں ضروری اقدامات کررہی ہے۔

وقفہ سوالات کے دوران ایم کیوایم کے محمد حسین کا سولر ٹیوب ویل سے متعلق جب ایک سوال دریافت کیا تو اسپیکر آغا سراج درانی نے ازراہ تفنن محمد حسین سے دریافت کیا کہ کیا آپکو بھی سولر ٹیوب ویل چاہئے اور کیا آپ سولر ٹیوب ویل ناظم آباد میں لگائیں گے جس پر محمد حسین نے کہا کہ اسپیکر صاحب مجھے اسکی ضرورت نہیں ہے۔