Live Updates

سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی راشد خلجی کی ایک تحریک التوا پرجوسندھ میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے متعلق تھی گرما گرم بحث ہوئی

بجلی کا ترسیلی نظام وفاقی حکومت کیساتھ پاس ہے ،کے الیکڑک کو نیشنل گرڈ سے چھ سومیگاواٹ بجلی ملتی ہے ۔پاکستان کے بجلی مسائل کا حل سندھ کے پاس ہے پاکستان کا واحد ونڈ کوریڈور سندھ میں ہے لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پپڑتا ہے کہ سندھ میں ونڈ و سولرمنصوبوں کو وفاق نے روک رکھا ہے

پیر 19 نومبر 2018 23:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2018ء) سندھ اسمبلی میں پیر کو ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی راشد خلجی کی ایک تحریک التوا پرجوسندھ میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے متعلق تھی گرما گرم بحث ہوئی ، حکومت اور اپوزیشن کے ارکان نے یک زبان ہوکر اس بات پر سخت احتجاج کیا کہ سندھ کیساتھ زیادتی کی جارہی جو ناقابل قبول ہے۔تحریک التوا پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے صوبائی وزیر توانائی امتیاز شیخ نے کہا کہ بجلی کا ترسیلی نظام وفاقی حکومت کیساتھ پاس ہے ،کے الیکڑک کو نیشنل گرڈ سے چھ سومیگاواٹ بجلی ملتی ہے ۔

پاکستان کے بجلی مسائل کا حل سندھ کے پاس ہے ،ملک کی انرجی سیکورٹی سندھ کے پاس ہے ،پاکستان کا واحد ونڈ کوریڈور سندھ میں ہے لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پپڑتا ہے کہ سندھ میں ونڈ و سولرمنصوبوں کو وفاق نے روک رکھا ہے۔

(جاری ہے)

ڈالرخرچ کرکے آئل سے مہنگی بجلی پیداکی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ ونڈ اورسولرانرجی کے ذریعے سستی بجلی فراہم کرسکتاہے۔اوگرا ،این ٹی ڈی سی اور دیگر وفاقی اداروں میں سندھ کی نمائندگی نہیں۔

امتیاز شیخ نے کہا کہ وزیراعلی ہمیشہ مشترکہ مفادات کونسل میں سندھ کامقدمہ پیش کرتے ہیں۔چھوٹے صوبوں کیساتھ زیادتیاں کیوں ہورہی ہیں،بجلی کی تقسیم کارکمپنیز میں سندھ کاکوئی نمائندہ نہیں،لوڈشیڈنگ کا مسئلہ مرکزی حکومت کا ہے اورسندھ کومطلوبہ مقدارمیں گیس نہیں ملتیجو سندھ کے ساتھ بڑی زیادتی ہے۔ پیپلز پارٹی کے منور وسان نے کہا کہ بدترین لوڈشیڈنگ کے ذریعے سندھ کمرشیل گھریلو اورصنعتی صارفین کو نقصان پہنچایاجاتاہے ،کے الیکڑک اور واپڈا مادر پدرآزاد ہیں،نت نئی چالبازیوں کے زریعے بجلی چھینی جارہی ہے بجلی بحران کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہے۔

پیپلز پارٹی کے اسیر رکن صوبائی اسمبلی شرجیل انعام میمن نے کہا کہ غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے سبب صنعتوں کونقصان ہورہا ہے، طلبہ کی تعلیم متاثرہوتی ہے، اووربلنگ عوام کیلئے ایک بہت بڑاناسورہے ہرطرف سے عوام کو پریشان کیاجارہاہے ۔سندھ بھی پاکستان کا حصہ ہے کراچی سمیت سندھ کو بھی بجلی کی بلاتعطل فراہمی ممکن بنائی جائے۔ ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی محمدحسین نے کہا کہ جو بل نہیں دیتے ان کی بجلی کاٹی جائے اس کی سزا پورے محلے کو سزا نہ دی جائے۔

جی ڈی اے کی رکن اسمبلی نصرت سحر عباسی نے کہا کہ دہہی علاقوں کے ساتھ سوتیلی ماں جیسی سلوک نہ کیا جائے۔انہوں نے شرجیل میمن کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اچھی بات ہے کہ آپ سندھ کا مقدمہ عدالت میں لے جائیں پہلے اپنے مقدمات سے چھوٹ جائیں۔ نصرت سحر عباسی نے کہا کہ عوام کو سولر مل جاتے تو عوام کو لوڈشیڈنگ سے نجات مل جاتی۔ صوبائی وزیر ہری رام کشوری لال کا تحریک التوا پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نواز دور میں بی بی شہید کے پاور منصوبے ختم نہ کئے جاتے آج اتنی لوڈشیڈنگ نہ ہوتی ،مشرف دور میں ایک میگا واٹ بھی بجلی نہیں بنائی گئی ۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ سندھ کو اسکے جائز حقوق دئیے جائیں۔صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ستر فیصد گیس پیدا کرنے والے سندھ کو گیس نہیں دی جارہی پیپلزپارٹی پر ہمیشہ الزام لگائے گئے ہیں۔پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی ارسلان تاج گھمن نے کہا کہ ہم وفاقی حکومت کے نہیں بلکہ سندھ کے عوام کے نمائندے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی سندھ لوادشیڈنگ کے معاملے کو مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں اٹھائیں۔

انہوں نے اس امر پر اظہار افسوس کیا کیا کہ ایشوز پر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کی جاتی ہے۔ایم کیو ایم کے خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ سندھ سے سترفیصدگیس پیدا ہوتی ہے ،سندھ گیس کے بدلے وفاق سے بجلی کیوں نہیں لیتا کراچی میں اسی فیصد بجلی کے بل اداہوتے ہیںکراچی کیلئے بجلی کا متبادل منصوبہ بناناہوگا،گورنر سندھ صوبے اور وفاق کے درمیان پل کاکردار اداکرتے ہیں۔

صوبائی وزیرسماجی بہبود شہلا رضا نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی فی بیرل کم ہورہی ہے پاکستان میں پیٹرول کی قیمت موجودہ دور میں بڑھادی گئی ، تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجودبھی بجلی بھی پیدا نہیں بڑھ رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ابھی موجودہ حکومت کی سودن کی کارکردگی کی بات بھی ہونی ہے ،وفاق میں وزیراطلاعات کچھ کہتے وزیرمملکت علی محمد کچھ اوربولتے ہیںجبکہ وزیراعظم الگ بات کرتے ہیں وزیرخزانہ کچھ اوربات کرتے ہیں۔

ایم کیو ایم کے کنور نویدجمیل نے کہا کہ سندھ میں لوڈشیڈنگ کے معاملے پر سندھ حکومت اپنا کردار ادا کرے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی بجلی کے بلوں کی ادائیگی میں غریب لوگوں کو سبسڈی دی جائے اورسندھ حکومت لوڈشیڈ نگ کا معاملہ مشترکہ مفادات کی کونسل لیکرجائے۔بعد ازاں سندھ اسمبلی کا اجلاس منگل کی صبح دس بجے تک ملتوی کردیا گیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات