خصوصی بچوں کیلئے ہم سب کو فلاحی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر شرکت کرنی چاہئے، سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان

پیر 19 نومبر 2018 23:25

خصوصی بچوں کیلئے ہم سب کو فلاحی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر شرکت کرنی چاہئے، ..
لاہور۔19 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2018ء) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی دی ہوئی نعمتوں کا شکر ادا کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ خصوصی بچوں کیلئے ہم سب فلاحی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور انہیں معاشرے کا مفید حصہ بنانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں ، حکومتی سرگرمیوں کے علاوہ ہر شخص کو انفرادی اور اجتماعی طور پر ایسی کاوشوں میں ہاتھ بڑھانا چاہئے جن کا مقصد جسمانی یا ذہنی لحاظ سے پیچھے رہ جانے والے بچوں کو مدد فراہم کرنا ہو، ان خیالات کا اظہار انہوں نے رائزنگ سن انسٹیٹیوٹ کے پیٹرنز کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے موقع پر کیا، جس کی صدارت سابق گورنر خالد مقبول کر رہے تھے ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ دنیا بھر میں مذہب اور رنگ و نسل سے بالا تر ہو کر ان سرگرمیوں کیلئے لوگ اپنی زندگیاں وقف کر دیتے ہیں اور مدر ٹریسا سے لیکر رتھ فاؤ تک ایسی شخصیات تاریخ کا خوبصورت باب ہیں جنہوں نے دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے خود کو وقف کر دیا ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ دنیا کے بڑے بڑے بزنس مین اپنی آمدن کا بڑا حصہ خیراتی مقصد کیلئے خرچ کرتے ہیں بل گیٹس اور دیگر شخصیات اس کی زندہ مثال ہیں، انہوں نے کہا کہ ہمارا مذہب اسلام ہمیں زکوٰة سے لیکر صدقے تک اپنے مال میں سے خرچ کرنے کی رغبت دلاتا ہے ، انہوں نے عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن کی طرف سے رائزنگ سن انسٹیٹیوٹ کو ہر طرح کی مالی و دیگر مدد کا یقین دلایا ، یہ امر قابل ذکر ہے کہ مغلپورہ میں قائم رانزنگ سن انسٹیٹیوٹ کا یہ کیمپس سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے اپنی جیب سے تعمیر کیا ہے جسے اُن کے والد محترم عبدالرحیم خان کے نام سے منسوب کیا گیا ہے، رائزنگ سن انسٹیٹیوٹ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سابق گورنر لیفٹیننٹ جنرل(ر) خالد مقبول نے ادارے کے جاری منصوبوں ، سوسائٹی کے فلاحی مقاصداور درپیش مسائل پر روشنی ڈالی جبکہ تسنیم نورانی ، پرویز اے شاہد ، رضوان اللہ خان ، میاں محمد اسلم ، جمیل قریشی ، وقار الرحمان اور دیگر ممبران نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے رائزنگ سن انسٹیٹیوٹ کی ایک سالہ کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیا ۔