مظفرآباد ، محکمہ لوکل گورنمنٹ ودیہی ترقی کے زیر اہتمام

سیکرٹری یونین کونسل کی برتھ اور ڈیتھ رجسٹریشن کی کمپیوٹرائزڈ ٹریننگ شروع کر دی

پیر 19 نومبر 2018 23:46

مظفرآباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2018ء) محکمہ لوکل گورنمنٹ ودیہی ترقی کے زیر اہتمام سیکرٹری یونین کونسل کی برتھ اور ڈیتھ رجسٹریشن کی کمپیوٹرائزڈ ٹریننگ شروع کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ ودیہی ترقی سردار گُل زمان خان نے نادرا کے تعاون سے شروع ہونیوالی پانچ روزہ ٹریننگ کا آغاز کیا۔

جس میں پہلے مرحلے میں 20سیکرٹری یونین کونسل اور دفتری کلر ک کو شامل کیا گیا ہے جو کہ ضلع نیلم ویلی، جہلم ویلی اور مظفرآباد سے ہیں۔اگلے مرحلے میں پونچھ اور میرپور ڈویژن میں یہ ٹریننگ شروع کروائی جائیگی۔اقوام متحدہ کی جانب سے دستخط کئے گئے عالمی پائیدار ترقی کے اہداف کے تحت اب پیدائش، اموات ، شادی ، طلاق سمیت اس نوعیت کے دیگر اعداد و شمار کی کی کمپیوٹرائزڈ رجسٹریشن کو تمام ممالک کیلئے لازمی قرار دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس تناظر میں حکومت آزاد کشمیر نے نادرا کے ساتھ ایک معائدہ دستخط کیا ہے جس کے تحت یونین کونسل کی سطح پر پیدائش اور اموات کا ڈیٹا بیس مرتب کیا جائیگا۔ محکمہ لوکل گورنمنٹ ودیہی ترقی نے سول رجسٹریشن آف وائیٹل Statisticsکے نام سے 03کروڑ کا ایک منصوبہ شروع کر رکھا ہے جس کے تحت آزاد کشمیر کی 182یونین کونسل سمیت 30اربن کونسل کے اداروںمیں کمپیوٹر ائزڈ ڈیٹا بیس پانچ روزہ ٹریننگ اور کمپیوٹر اور دیگر ضروری اشیاء کی فراہمی کی جائیگی۔

ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ ودیہی ترقی سردار گُل زمان خان نے ٹریننگ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے نئی ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا وقت کی ضرورت ہے ۔ تمام ڈیٹا بیس کو کمپیوٹر ائزڈ کر کے مستقبل کیلئے بروقت اور باخبر منصوبہ بندی کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پورے آزاد کشمیر میں سیکرٹری یونین کونسل اور اربن کونسل کو تربیت کا پروگرام جاری کیا جا چُکا ہے اور نادرا کے آفیسران اور اہلکاران اس ٹریننگ کو مکمل کروائیں گے۔

تمام یونین کونسل کو کمپیوٹرسمیت دیگر بنیادی ضروری سامان فراہم کردیا جائیگا جسکے باعث برتھ اور ڈیتھ سرٹیفکیٹ کی جعلسازی کا کام مکمل طور پر ختم ہوجائیگا ۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم اور وزیر لوکل گورنمنٹ ودیہی ترقی کی ہدایات کی روشنی میں محکمہ کے اندر اصلاحات لائی جارہی ہیںاور تعمیر و ترقی سمیت عوامی خدمت کو اولین ترجیح رکھا جائیگا۔

پانچ روزہ تربیت کی افتتاحی تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹرطاہر اشرف ، بابر منہاس، راجہ ذوالقرنین، راجہ امداد ایس ای سمیت نادر ا کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد ارشد اور دیگر آفیسران اور اہلکاران نے شرکت کی ۔ تربیت پانچ روز جاری رہے گی اور تربیت کے اختتام پر سیکرٹری یونین کونسل کو کمپیوٹر، دیگر ضروری اشیاء اور سافٹ وئیر لے کر اپنی یونین کونسل جائینگے۔