کرہِ ارض کو آئندہ نسلوں کے لئے بھی محفوظ گھر بنانے کے لئے بچوں کو امن کی اہمیت سے واقف کیا جائے، بلاول بھٹو زرداری

پیر 19 نومبر 2018 23:54

کرہِ ارض کو آئندہ نسلوں کے لئے بھی محفوظ گھر بنانے کے لئے بچوں کو امن ..
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے امن کو انسانی ذات کے آگے بڑھنے اور خوشحالی کی واحد ضمانت قرار دیتے ہوئے زور دیا ہے کہ اِس کرہِ ارض کو آئندہ نسلوں کے لئے بھی محفوظ گھر بنانے کے لئے بچوں کو امن کی اہمیت سے واقف کیا جائے۔ بچوں کے عالمی دن کے موقع پر پیر کو جاری کردہ اپنے بیان میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ بچوں کو ہر قسم کی انتہاپسندی سے دور رکھ کر انہیں نسلی، مذہبی اور دیگر تفاوتوں کے ساتھ بقائے باہمی پر قائم دنیا میں پھلنے پھولنے دیا جانا چاہیئے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ ریاست، معاشرے، محلے اور والدین کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ بچوں کو ہر قسم کے استحصال، تشدد اور دیگر برائیوں سے بچانے کے ساتھ ساتھ تعلیم و صحت کی سہولیات کے یکساں مواقع میسر کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے سندھ چائلڈ اتھارٹی ایکٹ-2011، سندھ رائیٹ آف چلڈرن ٹو فری اینڈ کمپلسری ایجوکیشن ایکٹ-2013، سندھ چائیلڈ میریج رسٹرینٹ ایکٹ-2013، پروٹیکشن آف بریسٹ فیڈنگ رولز-2009 اور سندھ پروٹیکشن اینڈ دی پروموشن آف بریسٹ فیڈنگ اینڈ چائیلڈ نیوٹریشن ایکٹ-2013 جیسی اہم قانون سازی کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بچوں کے مفاد کو ملحوظِ خاطر رکھ کر ان پر عملدرآمد کو یقینی بنانا چاہیئے۔