سابق چیف جسٹس کی بیوہ کو پلاٹ کی چار دیواری کرانے کے دوران قبضہ مافیا کی قتل کی دھمکیاں ،

حبس بے جا میں رکھنے پر تین ملزمان گرفتار مرکزی ملزم عرفان کنڈی کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں،انچارج چوکی تریٹ سب انسپکٹر راجہ افتخار کی ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو

پیر 19 نومبر 2018 23:57

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2018ء) سابق چیف جسٹس سعید الزمان صدیقی کی بیوہ کو نجی ہائوسنگ سوسائٹی میں اپنے پلاٹ کی چار دیواری کرانے کے دوران قبضہ مافیا کے کارندوں نے گن پوائنٹ پر حبس بے جا میں رکھا اور ، قتل کی دھمکیاں دیں۔ گذشتہ روز سابق چیف جسٹس کی بیوہ جوڈیشل ٹائون چھتر اپنے پلاٹ پر چار دیواری کیلئے گئیں تو عرفان کنڈی اور ان کے ساتھیوں نے کلاشنکوفوں سے مسلح ہو کر انہیں اور ان کے ساتھ جانے والے مزدوروں کو مبحوس کر لیا اور دھمکی دی کہ اگر دوبارہ اس طرف رخ کیا تو جان سے مار دیں گے۔

سابق چیف جسٹس کی بیوہ کی طرف سے متعلقہ چوکی تریٹ میں اس واقعہ سے متعلق درخواست دی گئی جس پر ایف آئی آر درج کرتے ہوئے پولیس نے تین ملزمان حارث، اشفاق اور ارشد کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے کلاشنکوف سمیت اسلحہ برآمد کر لیا ۔

(جاری ہے)

اس حوالہ سے انچارج چوکی تریٹ سب انسپکٹر راجہ افتخار نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ ملزم عرفان کنڈی کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں، ملزم جلد قانون کی گرفت میں ہو گا، اس کے ساتھیوں سے تفتیش جاری ہے۔

سوسائٹی انتظامیہ کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ مذکورہ ملزم اور اس کے ساتھیوں نے سوسائٹی میں مختلف لوگوں کے 34 کنال اراضی کے پلاٹوں پر قبضہ کر رکھا ہے۔ ملزم اور اس کے ساتھی الاٹیوں کو اسلحہ کے زور پر ڈرانے دھمکانے کے ساتھ ساتھ معمولی رقم پر پلاٹ فروخت کرنے پر بھی مجبور کرتے ہیں۔ اس حوالہ سے ایس پی صدر راولپنڈی پولیس احسن سیف الله سے رابطہ کیلئے متعدد بار ان کے آفیشل نمبر اور موبائل فون پر رابطہ کیا گیا مگر ان سے بات نہ ہو سکی۔