پاکستان کو افغانستان میں ناکامی کا ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جا سکتا ، پاکستان افغان امن عمل میں مثبت کردار ادا کرنے کی کوشش کرتا رہا ہے

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

منگل 20 نومبر 2018 01:10

اسلام آباد۔19 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2018ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کو افغانستان میں ناکامی کا ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جا سکتا کیونکہ پاکستان افغان امن عمل میں مثبت کردار ادا کرنے کی کوشش کرتا رہا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹویٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے نجی ٹی وی چینل کو بتایا کہ عالمی برادری بشمول امریکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو تسلیم کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ امریکی انتظامیہ پاکستان کی قربانیوں سے پوری طرح آگاہ ہے تاہم وہ ان قربانیوں کا اس طرح اعتراف نہیں کرتا جس طرح کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کیلئے ضروری ہے کہ وہ پوری دنیا کو بتائے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے کیا کیا قربانیاں دی ہیں۔

(جاری ہے)

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اگر پاکستان بھاری قیمت چکاتے ہوئے امریکہ کا ساتھ نہ دیتا تو امریکہ کو افغانستان میں بہت زیادہ نقصان اٹھانا پڑتا۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ میں اب الیکشن ہونے والے ہیں اس لئے پاکستان کے خلاف حالیہ مہم کی وجوہات اندرونی سیاست بھی ہو سکتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے ساتھ مذاکرات کی مثبت خواہش کا اظہار کیا تھا تاہم بھارتی حکومت مذاکرات پر اتفاق کرنے کے بعد مذاکرات سے انحراف کر گئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اچھے سفارتی تعلقات کا خواہاں ہے تاہم امریکہ کے لئے ضروری ہے کہ وہ اپنا ریکارڈ درست کرے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے لئے باضابطہ سفارتی ذرائع مناسب ہوتے ہیں تاہم اب یہ ٹویٹر میں ہے۔ وزیراعظم نے بھی امریکی صدر کا جواب دیتے ہوئے ٹویٹر کے ذریعے تمام حقائق کی وضاحت کردی ہے ۔