قابض بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں فائرنگ کرکے 4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا

حق خودارادیت کوترویج دینا اقوام متحدہ کی اساس میں شامل ہے. پاکستان کی قرارداد

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 20 نومبر 2018 11:28

قابض بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں فائرنگ کرکے 4 کشمیری نوجوانوں کو ..
سری نگر(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔20 نومبر۔2018ء) قابض بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے شوپیاں میں فائرنگ کرکے 4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیاہے . تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع شوپیاں میں بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے دوران 4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا. کشمیری میڈیا کے مطابق قابض بھارتی فوج کی جانب سے کشمیری نوجوانوں کی شہادت کے بعد علاقے میں غیراعلانیہ کرفیو نافذ کردیا گیا ہے، جبکہ انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بھی بند کردی گئی ہے.

حریت راہنماﺅں کی جانب سے ہڑتال کی کال دے رکھی ہے، دکانیں، کاروباری مراکزاورتعلیمی ادارے بند اور ٹرانسپورٹ معطل ہے.

(جاری ہے)

مقبوضہ کشمیر کے ضلع شوپیاں کے علاقے ندی گام میں قابض بھارتی فوج نے سرچ آپریشن اور گھر گھر تلاشی کے نام پر بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 نوجوانوں کو شہید کیا گیا. جام شہادت نوش کرنے والے چاروں نوجوانوں کی شناخت اب تک نہیں ہوسکی تاہم کٹھ پتلی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ چاروں نوجوان فائرنگ کے تبادلے میں مارے گئے ہیں.

دوسری جانب قابض فوج کی بربریت سے قبل اسی علاقے میں ایک جھڑپ کے دوران ایک بھارتی فوجی ہلاک جب کہ 3 زخمی ہوگئے تھے ، اس کے علاوہ ضلع سمبا میں بھی دھماکے کے نتیجے میں بارڈر سیکورٹی فورس کا ایک اہلکار ہلاک ہوا ہے. واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں صرف رواں ماہ بھارتی فوج نے 39 نوجوانوں کو شہید کیا ہے جن میں 5 نے دوران حراست اذیت ناک تشدد سہتے ہوئے دم توڑا ہے.

دوسری جانب اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ کشمیر، فلسطین میں حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کوتقویت ملے گی. اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی تیسری کمیٹی میں پاکستان کی حق خودارادیت کی حمایت میں پیش کردہ قرارداد اتقاق رائے سے منظور ہوگئی. جنرل اسمبلی میں 83 ممالک نے پاکستان کے ساتھ قرارداد کو پیش کیا جوریکارڈ ہے.

اس موقع پرپاکستانی سفیر نے جنرل اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حق خودارادیت کوترویج دینا اقوام متحدہ کی اساس میں شامل ہے. ملیحہ لودھی نے کہا کہ کشمیر، فلسطین میں حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کوتقویت ملے گی، بڑی تعداد میں ممالک نے پاکستان کی پیش کردہ قراردا کا ساتھ دیا. انہوں نے کہا کہ قرارداد پاکستان کی حق خودارادیت کی تاریخی اور اصولی حمایت پراظہاراعتماد ہے، قرارداد حق خودارادیت کی عالمگیریت پر زور دیتی ہے. پاکستانی سفیر نے کہا کہ قرارداد مقبوضہ علاقوں کی آزادی کی سفارش کرتی ہے، بیرونی تسلط میں جکڑے لوگوں کوباورکروایا کہ وہ بے یارو مددگارنہیں.