سی پیک کے تحت رشکئی اکنامک زون پر ابتدائی ترقیاتی کام کاآغاز،

سرمایہ کاری بورڈ نے تمام اکنامک اقتصادی زونز پرکام کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ہدایت کی ہے، حسن دائود بٹ

منگل 20 نومبر 2018 12:09

سی پیک کے تحت رشکئی اکنامک زون پر ابتدائی ترقیاتی کام کاآغاز،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2018ء) چین پاکستان اقتصادی راہداری ( سی پیک) کے تحت رشکئی اکنامک زون پر خیبر پختونخوا کی حکومت نے ابتدائی ترقیاتی کام کاآغاز کردیا ہے جبکہ باقی ماندہ کاموں کے لئے سی آر بی سی کے ساتھ جلد معاہدے طے پا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار سی پیک کے پراجیکٹ ڈائریکٹر حسن دائود بٹ نے اے پی پی سے خصوصی بات چیت کے دوران کیا۔

حسن دائود بٹ نے کہا کہ موجودہ حکومت کا سی پیک کے تحت اکنامک زون پر خصوصی فوکس ہے اور ان پر کام فاسٹ ٹریک پر لانے میں بھر پور انداز میں کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ دنوں سرمایہ کاری بورڈ نے ان اکنامک زونز کے حوالے سے اجلاس بھی ہوا جس میں رشکئی، فیصل آباد، بوستان، دھابیچی سمیت تمام اکنامک اقتصادی زونز کے حوالے سے متلعقہ اداروں کو خصوصی ہدایت کی کہ اکنامک زونز پر ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جائے اور کام کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچایاجائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ رشکئی اکنامک زون کے فیز I میں ایک ہزار ایکڑ جبکہ فیز II میں 2 ہزار ایکڑ اراضی حاصل کر لی گئی ہے۔ منصوبے سے پاکستان میں روزگار کے مواقع میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ یہ صنعتی بستی ضلع نوشہرہ میں رشکئی کے مقام پر واقع ہے۔ انہوں نے کہاکہ اقتصادی زون میں اشیائے خوراک کی پیکجنگ، ٹیکسٹائل، سٹچنگ او نٹنگ اور دیگر متعلقہ صنعتوں کے قیام اور ان کے لئے سہولیات پر توجہ دی جائے گی۔

پراجیکٹ ڈائریکٹر نے کہاکہ یہ صنعتی بستی پشاور ایئر پورٹ سے 65 کلومیٹر، ڈائی پورٹ سے بھی 65 کلومیٹر، ریلوے سٹیشن سے 25 کلومیٹر، سٹی سنٹر سے 15 کلومیٹر، ہائی وے سے 5 کلومیٹر اور موٹر وے کے بالکل متصل ہے۔ایک سوال کے جواب میںانہوں نے کہاکہ اس علاقے میں صنعتی بستی کے قیام کی تجویز صوبائی حکومت کی طرف سے آئی پی اور اس میں وفاقی حکومت کی طرف سے کوئی مداخلت نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہاکہ ان اکنامک زونز کے آپریشنل ہونے سے پاکستان کی ایکسپورٹ بڑھانے میں خاطر خواہ مدد ملے گی اور ساتھ ساتھ مقامی لوگوں کو روزگار کے نئے مواقع بھی ملیں گے۔