اومنی گروپ کیس:عدالت نے انورمجید کا میڈیکل سرٹیفکیٹ مسترد کردیا

صائمہ مجیدکے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ‘ سماعت 6دسمبرتک ملتوی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 20 نومبر 2018 12:42

اومنی گروپ کیس:عدالت نے انورمجید کا میڈیکل سرٹیفکیٹ مسترد کردیا
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔20 نومبر۔2018ء) اومنی گروپ کی جانب سے اربوں روپے کی چینی غائب کرنے کے کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے صائمہ مجیدکے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں. تفصیلات کے مطابق آج کراچی کے بینکنگ کورٹ میں اربوں روپے کی چینی غائب کرنے کے کیس کی سماعت ہوئی‘اومنی گروپ کے سربراہ براہ انورمجیدکودوسری باربھی پیش نہ کرنے پرعدالت نے اظہارِ برہمی کیا‘عدالت نے اس موقع پر مقدمے میں نامزد ملزمہ صائمہ مجید کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے.

(جاری ہے)

عدالت نے انور مجید کے وکلا اور جیل حکام سے استفار کیا کہ انور مجید کہاں ہیں؟ جس پر جیل حکام نے جواب دیا کہ انہیں لینے ہسپتال گئے تھے مگر وہاں سے میڈیکل سرٹیفکیٹ دے دیا گیا. عدالت نے سوال کیا کہ ہم نے انورمجیدکامیڈیکل سرٹیفکیٹ بنانے والے ڈاکٹرکوبلایاتھاوہ کہاں ہیں‘یہ روایتی میڈیکل سرٹیفکیٹ ہے،پہلے والے میں اضافہ کرکے بھیج دیاگیا ہے.

عدالت کے سوال کرنے پر انور مجید کے وکیل نے بتایا کہ انورمجیدکودل کے عارضے سمیت دیگربیماریاں لاحق ہیں، انورمجیدکادل صرف23فیصدکام کررہاہے‘ وکیل کے جواب پر عدالت کا کہنا تھا کہ ایسی کوئی بیماری نہیں کہ انورمجیدچل پھرنہ سکتے ہوں. عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ملزم کوبٹھانے کاعدالت کوکوئی شوق نہیں،اس نوعیت کی بیماریاں ہرچوتھے شہری کوہیں‘ آپ کہتے ہیں انورمجیدکودل کاعارضہ ہے، اب تودل کاآپریشن کرکے ایک ہفتے میں ڈسچارج کردیتے ہیں‘یہ بتائیں انورمجیدکوایک ماہ سے کیوں رکھا ہواہے‘ عدالت نے یہ بھی کہا کہ کیس میں کسی بھی صورت التوا نہیں چاہتے.

جواب میں ملزم کے وکیل نے کہا کہ ذاتی معالج نے طبعیت کی خرابی کے باعث اسٹنٹ نہیں ڈالا، انورمجیدکوطبیعت خرابی کے باوجودجیل لےجانے سے مزیدخراب ہوئی. وکیل کے جواب پر عدالت کا موقف تھا کہ ڈاکٹرکووضاحت کے لیے بلایا تھابیماری کے بارے میں آگاہ کریں‘ ساتھ ہی ساتھ عدالت نے ان کے وکیل کو حکم دیا کہ آپ انورمجیدکا دستخط شدہ وکالت نامہ جمع کرائیں. ہمیں انورمجیدکے وکالت نامے اورکیس آگے چلنے سے غرض ہے. عدالت نے ملزمان کے وکلا کومقدمات کی نقول فراہم کرتے ہوئے آئندہ سماعت 6دسمبرتک ملتوی کردی‘ عدالت نے عندیہ دیا کہ آئندہ سماعت پرملزمان پرفردجرم عائدکی جائےگی.