ربیع الاول کا دن تمام کائنات، اس میں بسنے والے انسانوں ،خاص طور پر مسلمانوں کیلئے رحمت کادن ہے‘دوست محمد مزاری

یہ دن کائنات کے بسنے والے انسانوں کو ترقی کی راہ پر چلانے اور ہدایت کی منزلوں کی طرف گامزن کرنے والی ذات حضور نبی کریم تاجدار عرب و عجم محمد رسول اللہ ﷺکی پیدائش کا دن ہے‘ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی

منگل 20 نومبر 2018 13:21

ربیع الاول کا دن تمام کائنات، اس میں بسنے والے انسانوں ،خاص طور پر مسلمانوں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2018ء) ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سرداردوست محمد مزاری نے کہاہے کہ12ربیع الاول کا دن تمام کائنات، اس میں بسنے والے تمام انسانوں اور خاص طور پر مسلمانوں کے لیے اللہ تعالیٰ کی طرف سے رحمت کادن ہے،یہ دن تمام مسلمانوں کے لیے خوشی و مسرت کا دن ہے ،کیونکہ یہ دن کائنات کے بسنے والے انسانوں کو ترقی کی راہ پر چلانے اور ہدایت کی منزلوں کی طرف گامزن کرنے والی ذات حضور نبی کریم تاجدار عرب و عجم محمد رسول اللہ ﷺکی پیدائش کا دن ہے،یہی وجہ ہے کہ تمام مسلمان اس دن کوشایانِ شان طریقہ سے خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے مناتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ربیع الاول کے حوالے سے منعقد تقریب میں بات کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 12ربیع الاول کا دن تاریخِ انسانی کا عظیم ترین دن ہے۔

(جاری ہے)

اس دن تمام انسانی برادری اور انسانیت کو دنیا اور آخرت کی بھلائی کے طور طریقوں کو نبی کریم ﷺ کی سنتوں کے مطابق گزارنے کا درس دینا چاہیے۔ اجتماعات منعقد کر کے سرکارِ دو جہاں ﷺکی سماجی، سیاسی و معاشی،معاشرتی اور عائلی زندگی کے تمام پہلوئوں کا اجاگر کرنے اور عوام الناس کو بامقصد عملی زندگی گزارنے کا درس دینا چاہیے۔

ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ سرکار دو جہاں کی رحم دلی، احترامِ انسانیت،حقوق اللہ و حقوق العباد ، تبلیغِ اسلام، رواداری و مساوات، عورتوںکے حقوق و احترام ، بچوں کی تعلیم و تربیت اور پڑوسیوں کے حقوق وغیرہ پر روشنی ڈالنا بہت ضروری ہے تاکہ آج کے مسلمان اس پر عمل کر کے تباہ ہوتے ہوئے سماج و معاشرہ کو سدھارنے کا سچا جذبہ پیدا کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ اس دن کی مناسبت سے محض جلسے جلوس کا انعقاداور تقاریرو خطاب سے معاشرہ نہیں سنور سکتا بلکہ ہر مسلمان کی یہ ذمہ داری اور رسول اللہ ﷺ سے محبت و عقیدت کا تقاضا ہے کہ ہم اپنے آپ کو ان کی سنتوں کے مطابق ڈھالنے کا عزم کریں۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ میری دعا ہے کہ ہم جہاں رہیں،جس مجلس میں رہیںاور جس سوسائٹی میں رہیں ایک سچا مسلمان بن کر رہیںاور اسلامی تعلیمات کی تبلیغ میں کسی قسم کی ہچکچاہٹ محسوس نہ کریں۔حضور ﷺ کی مکی و مدنی زندگی کو سامنے رکھتے ہوئے تمام مسائل کو حل کریں۔اللہ تعالیٰ اس دن کے موقع پر تمام مسلمانوں کو نیا عزم و حوصلہ اور عملی جذبہ عطا فرما کر سنتِ رسول کے مطابق زندگی گزارنے کی توفیق عطا فرمائے۔