9 اکنامک زونز آپریشنل ہونے سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا‘خادم حسین

سی پیک روٹس پر اکنامک زونز کے قیام سے غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھے گی،سی پیک زونز میںپاکستانی،چینی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو یکساں مراعات سے صنعتی شعبہ ترقی کرے گا‘سینئر نائب صدر فیروز پور بور ڈلاہور

منگل 20 نومبر 2018 13:27

9 اکنامک زونز آپریشنل ہونے سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا‘خادم حسین
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2018ء) ممتازتاجر رہنما و پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بور ڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن خادم حسین سینئر نائب صدر خادم حسین نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت پاکستان میں 9اکنامک زون کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میںسی پیک روٹس پر 9اکنامک زونز آپریشنل ہونے سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا ۔

سی پیک کے تحت قائم ہونے والے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کیلئے خصوصی پیکیج کے تحت ڈیوٹی و ٹیکسوں میں خصوصی رعایت سمیت دیگر مراعات اور سی پیک زونز میں سرمایہ کاروں کیلئے خصوصی پیکیج سے ملک بھر میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا اورغیر ملکی سرمایہ کاری بڑھے گی، ملک معاشی طور پر مستحکم ہوگا اور حکومتی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ سے ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوںنے فیروز پور بورڈ کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔خادم حسین نے کہا کہ سی پیک زونز میں صنعتوں کے قیام کیلئے پاکستانی ،چینی اور غی ملکی سرمایہ کاروں کو یکساں خصوصی مراعات کی فراہمی سے صنعتی شعبہ ترقی کرے گا اور ان اقدامات کے تحت خصوصی اقتصادی زونز میں نئی صنعتوں کے قیام کے لیے خام مال اور پلانٹس و مشینری و دیگر آلات پر سرمایہ کاروں کو ڈیوٹیوں اور ٹیکسوں سے استثنیٰ اور رعایتی قرضوں سمیت خصوصی مراعات سے ملکی سرمایہ کار بھی خوشدلی سے ان زونز میں نئی صنعتوں کے قیام کیلئے خدمات سرانجام دینگے۔

نئے انڈسٹریل اسٹیٹ میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے نئے صنعتی یونٹس کے قیام سے نہ صرف روز گار کے لاکھوں مواقع فراہم ہونگے بلکہ ان یونٹس کے قیام سے ملکی برآمدات میں اضافہ اور تجارتی خسارہ میں کمی ہوگی ۔