پی سی بی انڈر 16 کرکٹ سٹارز پیٹنگولر کپ، سندھ نے پنجاب اور کے پی کے نے بلوچستان کو ہرا دیا

منگل 20 نومبر 2018 13:58

پی سی بی انڈر 16 کرکٹ سٹارز پیٹنگولر کپ، سندھ نے پنجاب اور کے پی کے نے ..
راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2018ء) پی سی بی انڈر 16 کرکٹ سٹارز پیٹنگولر ون ڈے کپ میں سندھ نے پنجاب اور کے پی کے نے بلوچستان کو شکست دے دی۔ پی سی بی کے مطابق اقبال سٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں سندھ نے پنجاب کو دلچسپ مقابلے کے بعد 5 رنز سے ہرایا۔ سندھ کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 41.1 اوورز میں 153 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔

غازی غوری نے 59 رنز کی اننگز کھیلی، کاشف علی 44 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ عمر ایمان، علی اسفند اور محمد اویس نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ پنجاب انڈر 16 مطلوبہ ہدف حاصل نہ کر سکی اور پوری ٹیم 43.1 اوورز میں 148 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ سمیر صادق نے 23 اور ابرار افضل نے 22 رنز بنائے۔ وہاج ریاض اور اسد رضا نے دو، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

(جاری ہے)

دوسرے میچ میں کے پی کے نے بلوچستان کو 108 رنز کے بڑے مارجن سے ہرایا۔ کے پی کے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 45 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 205 رنز بنائے۔ محمد شہزاد نے 76 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ بلوچستان کی طرف سے مسعود احمد نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ بلوچستان کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور محض 97 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ باسط علی نے سب سے زیادہ 46 رنز بنائے۔ فرحاد خان، فیصل اکرم اور عبدالرحمان نے دو، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ ٹورنامنٹ میں (کل) جمعرات کو مزید دو میچ کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں کے پی کے اور سندھ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی جبکہ دوسرا میچ بلوچستان اور فیڈرل کیپیٹل کے مابین کھیلا جائے گا۔