اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 5 لاکھ ٹن گندم برآمد کرنے کی منظوری دیدی

گندم پنجاب اور سندھ سے برآمد کی جائے گی، صوبائی حکومتیں اپنے اپنے حصے کی برآمد گندم پر سبسڈی دیں گی

منگل 20 نومبر 2018 13:58

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 5 لاکھ ٹن گندم برآمد کرنے کی منظوری دیدی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2018ء) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 5 لاکھ ٹن گندم برآمد کرنے کی منظوری دیدی۔وزیر خزانہ اسد عمر کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جو اسد عمر کی بیرون ملک روانگی کی وجہ سے مقررہ وقت سے پہلے ختم ہوگیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس جلدی ختم ہونے سے غربت مٴْکاؤ فنڈ کیلئے رقم کی فراہمی، ڈھوک حسین اور بٹرسم فیلڈ سے گیس کی فراہمی کے معاملے سمیت کراچی میں ایل این جی ٹرمینل کی تعمیر سے پیدا ہونے والے مسائل پر غور مؤخر کردیا گیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اجلاس میں گنے کی قیمت اور چینی کی پیدواری لاگت طے کرنے اور اسٹیل ملزکے مرحوم ملازمین کے وارثوں کیلئے بقایاجات کا معاملہ بھی مؤخر کردیا گیا۔اس کے علاوہ صنعتی اور گھریلو صارفین کے لیے گیس لوڈ مینجمنٹ پروگرام کی منظوری بھی مؤخر کردی گئی۔ای سی سی اجلاس کے بعد جاری اعلامیے کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 5 لاکھ ٹن گندم برآمد کرنے کی منظوری دیدی ،ْ گندم پنجاب اور سندھ سے برآمد کی جائے گی، صوبائی حکومتیں اپنے اپنے حصے کی برآمد گندم پر سبسڈی دیں گی جبکہ پاسکو کی طرف سے برآمد گندم پر وفاقی حکومت سبسڈی ادا کرے گی۔