کراچی کی بینکنگ کورٹ نے انور مجید کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے

اومنی گروپ کے 4 بینکوں سے معاملات طے پا گئے ہیں، 5دسمبر تک تمام بینکوں سے معاملات طے پا جائیں گے ،ْوکیل خواجہ نوید

منگل 20 نومبر 2018 13:58

کراچی کی بینکنگ کورٹ نے انور مجید کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2018ء) کراچی کی بینکنگ کورٹ نے انور مجید کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔سماعت کے دوران نجی بینک کی جانب سے خواجہ نوید ایڈووکیٹ بینکنگ کورٹ میں پیش ہوئے۔نجی بینک کے وکیل خواجہ نوید نے عدالت سے استدعا کی اومنی گروپ کے 4 بینکوں سے معاملات طے پا گئے ہیں، 5دسمبر تک تمام بینکوں سے معاملات طے پا جائیں گے، لہٰذا بینکنگ کورٹ کی مزید کارروائی روکی جائے۔

عدالت نے انہیں جواب دیا کہ آپ 5دسمبر تک معاملات طے کریں ہم نے سماعت 6 دسمبر تک ملتوی کر دی ہے۔

(جاری ہے)

اومنی گروپ کے بینکوں سے قرض کے بدلے رہن رکھی گئی چینی غائب ہونے کے معاملے میں ایڈمنسٹریٹر کارڈیو اسپتال ڈاکٹر حمید اللہ اور ڈاکٹر دلیپ بھی عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے ڈاکٹر حمید اللہ سے استفسار کیا کہ بتائیں انور مجید کو کیا بیماری لاحق ہی ڈاکٹر حمید اللہ نے عدالت کو بتایا کہ انور مجید کا علاج ڈاکٹر طاہر صغیر کر رہے ہیں، وہی انور مجید کی بیماری سے متعلق بتا سکتے ہیں۔عدالت نے ہدایت دی کہ ڈاکٹر طاہر صغیر سے کہیں کہ آئندہ سماعت پر رپورٹس سمیت پیش ہوں۔عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر انور مجید کو بھی پیش کیا جائے۔