Live Updates

وزیراعظم عمران خان کا ملکی ترقی میں نوجوان نسل کو شامل کرنے کا فیصلہ

پاکستان ڈیویلپمنٹ پروگرام کے تحت 5 لاکھ ویب ڈویلپرز تیار کئے جائیں گے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 20 نومبر 2018 13:36

وزیراعظم عمران خان کا ملکی ترقی میں نوجوان نسل کو شامل کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 نومبر 2018ء) : وزیراعظم عمران خان نے ملکی ترقی کے لیے نوجوان نسل کو تربیت دینے اور ان کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ڈیویلپمنٹ پروگرام کے تحت 5 لاکھ ویب ڈیویلپرز تیار کیے جائیں گے۔ جس کے تحت ٹریننگ کرنے والے افراد اپنے گھروں میں بیٹھ کر روزگار حاصل کر سکیں گے۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے یہ سب تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے وژن کے تحت ہی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس حوالے سے پاکستان ڈیویلپمنٹ پروگرام پر عملدرآمد شروع ہو گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں دو سو ماسٹر ٹرینرز تربیت حاصل کرنے کے بعد نئے ایک ہزار ویب ڈیویلپرز کو ٹریننگ دیں گے۔ پراجیکٹ کے تحت ٹریننگ کا پہلا مرحلہ پاکستان کے 52 شہروں میں مکمل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے پراجیکٹ کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہمارا مقصد ٹیکنالوجی کی دنیا میں اپنے ملک کا نام روشن کرنا ہے اور اسی لیے 5 لاکھ ویب ڈیویلپرز کو بالکل مفت تربیت دی جائے گی۔

پروگرام کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو گھر بیٹھے روزگار کے وسیع تر مواقع فراہم کرنا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہمارا ٹارگٹ وہ نوجوان ہیں جو قابل ہیں، اور سیکھنا بھی چاہتے ہیں لیکن مالی وسائل نہ ہونے کی وجہ سے وہ یہ تربیت حاصل نہیں کر پاتے ، اسی لیے ہم نے نوجوانوں کے لیے مفت تربیت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس پراجیکٹ پر عملدرآمد مرحلہ وار جاری ہے۔ یہ پراجیکٹ وزیراعظم عمران خان کے روزگار فراہم کرنے کے منصوبے میں معاون ثابت ہو گا۔ ماہرین کے مطابق آنے والا وقت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ای کامرس کا ہی ہے جس کے لیے ویب ڈیویلپرز تیار کیے جا رہے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات