پاک بھارت کرکٹ تنازعہ، آئی سی سی نے پی سی بی کا کیس خارج کردیا

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارتی کرکٹ بورڈ کے خلاف ہرجانے کی ادائیگی کاکیس دائر کیا تھا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 20 نومبر 2018 14:26

پاک بھارت کرکٹ تنازعہ، آئی سی سی نے پی سی بی کا کیس خارج کردیا
دبئی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 نومبر 2018ء) پاک بھارت کرکٹ تنازعہ کا آئی سی سی کی ڈسپیوٹ ریزولیوشن کمیٹی نے فیصلہ سناتے ہوئے پاکستان کا کیس خارج کردیا ہے۔انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی )کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ڈسپیوٹ ریزولیوشن کمیٹی کی جانب سے بنائے جانے والے ڈسپیوٹ پینل نے پاک بھارت کرکٹ تنازعہ پر اپنا فیصلہ سنادیا ہے۔ تین روز کی سماعت اور دونوں اطراف سے زبانی اور تحریری دلائل کے بعد ڈسپیوٹ پینل نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )کے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے خلاف دعوی کو مسترد کردیا ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے دیے جانے والے فیصلے کے خلاف اپیل بھی نہیں کی جاسکتی۔آئی سی سی کی جانب سے پاکستان کی درخواست کو کیوں خارج کیا گیا ہے اس حوالے سے تفیصلی فیصلے کے مندرجات کے بعد ہی علم ہوسکے گا۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ سابق چیئرمین نجم سیٹھی کے دور میں پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے 2014ءمیں متنازع بگ تھری کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کیا تھا جس کے تحت دونوں ملکوں کے درمیان چھ سیریز ہونا تھی جن میں 14 ٹیسٹ 30 ون ڈے انٹر نیشنل اور 12 ٹی ٹونٹی شامل تھے لیکن بھارتی بورڈ نے معاہدے کی خلاف ورزی کی۔

پی سی بی نے آئی سی سی میں دائر اپیل میں موقف اختیار کیا تھا کہ 2014ءمیں ہونے والے معاہدے کے بعد اگر پاکستان بھارت کے ساتھ دو طرفہ سیریز نہیں کھیلا تو پاکستان کو سیریز نہ ہونے سے بھاری نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنی اپیل میں بھارت پر 70 ملین ڈالر جرمانہ عائد کرنے کی درخواست کی تھی تاکہ پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی ) کو ہونے والے نقصان کا ازالہ ہوسکے،بھارتی بورڈ کا موقف رہا ہے کہ ان کی حکومت سیریز کھیلنے کی اجازت نہیں دے رہی۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ڈسپیوٹ ریزولیوشن کمیٹی نے پاکستان کی اپیل پر تین روز سماعت کی جس پر فیصلہ سناتے ہوئے پاکستان کی اپیل کو مسترد کردیا گیا۔