میلاد النبیؐ ہر مسلمان کیلئے متبرک ہے، میلاد النبیؐ کے پرامن انعقاد کیلئے میلاد کمیٹیوں سے تعاون کریں گے، ڈی پی او زاہد الله

منگل 20 نومبر 2018 15:00

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2018ء) میلاد النبیؐ ہر مسلمان کیلئے انتہائی متبرک و عظیم ہے، بحیثیت پولیس آفیسر ہی نہیں بلکہ ایک مسلمان ہونے کی حیثیت سے بھی میلاد النبیؐ کے پرامن انعقاد کیلئے تمام میلاد کمیٹیوں سے بھر پور تعاون کریں گے، حسب سابق پولیس انتظامیہ میلاد کے جلسوں کو سیکورٹی و پرامن انعقاد کو یقینی بنائے گی، اس سلسلہ میں تمام سرکل ڈی ایس پیز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جبکہ تمام انتظامات کی وہ خود نگرانی کریں گے۔

ان خیالا ت کا اظہار ڈی پی او زاہد الله نے آستانہ عالیہ چھوہر شریف میں ضلع بھر کی مختلف میلاد کمیٹیوں کے سربراہان کے ایک مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سجادہ نشین دربار عالیہ چھوہر شریف پیر حبیب الرحمن، ممبر ضلع کونسل صاحبزادہ عطاء الرحمن، راجہ ناصر کیانی، شیخ عابد علی ایڈووکیٹ، پیر سید مسعود علی شاہ، صاحبزادہ پیر محب الرحمن قادری، علامہ پیر شفیق الرحمن قادری، جے یو پی کے ضلعی صدر حافظ عبدالخالق اعوان، علامہ محمد حنیف جدون، علامہ محمد بخش ہزاروی، آغا عبدالرحمن، علامہ اظہر محمود ہزاروی، حافظ شیراز خان کے علاوہ اے ٹی اے کے جنرل سیکرٹری حاجی فرحت نواز، علی عباس جعفری کے علاوہ علماء کرام و مشائخ عظام کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہری پور میں میلاد کا مرکزی جلوس 116سال سے نکل آرہا ہے جس میں ضلع بھر سے چھوٹے بڑ ے درجنوں جلوس شریک ہوتے ہیں، ہمارا جلوس ہمیشہ پرامن رہتا ہے اور کبھی ایک پتہ بھی نہیں ٹوٹا اور نہ ہی کسی کی بدنظمی ہوئی ہے، ہم نہ تو انتظامیہ سے کوئی ناجائز کام کرواتے ہیں، نہ فوٹو سیشن کے شوقین، ہم امن کے داعی ہیں اور ہمیشہ رہیں گے، افسران کے پاس جا کر انتظامیہ کو اس حوالہ سے مس گائیڈ کرنے والے عناصر کا ہمارے ساتھ کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے کہاکہ حکومت نے سرکاری سطح پر اس دفعہ خصوصی طور پر میلاد النبیؐ منانے کا اعلان کیا جو خوش آئند ہے، ہم درود والے لوگ ہیں، ہم نے ہمیشہ اس ملک کی اور اس کے اداروں کی سلامتی چاہی ہے اور آئندہ بھی چاہیں گے۔ اس موقع پر مقررین نے مختلف مقامات پر مقامی پولیس کی جانب سے میلاد کمیٹیوں کے منتظمین کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں بار ے آگاہ کرتے ہوئے ڈی پی او سے در خواست کی کہ وہ اپنے ماتحت عملہ کو اس حوالہ سے ہدایات جاری کریں۔

ڈی پی او ہری پور نے شرکاء کو یقین دلایا کہ پولیس کی جانب سے اس سلسلہ میں کوئی مشکل پیش نہیں آئے گی، چھوٹی موٹی شکایتوں اور غلط فہمیوں کو فوری طور پر دور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دروازے تمام شہریوں بالخصوص علماء کرام کیلئے کھلے ہیں، وہ کسی بھی وقت ان کے دفتر تشریف لا سکتے ہیں۔ میزبان صاحبزادہ عطا الرحمن نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ صاحبزادہ محب الرحمن قادری المعروف چن پیر نے اختتامی دعا کروائی۔

متعلقہ عنوان :