ہری پور، معروف قانون دان قاضی محمد سعید کی کوششوں سے خونی دشمنی دوستی میں بدل گئی

منگل 20 نومبر 2018 15:00

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2018ء) معروف قانون دان و لیگی رہنما قاضی محمد سعید ایڈوکیٹ کی کوششوں سے خونی دشمنی دوستی میں بدل گئی، دونوں فریقین گلے مل کر شیر و شکر ہو گئے، فریقین اور اہلیان علاقہ نے قاضی محمد سعید ایڈووکیٹ کی مصالحانہ کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ تفصیلات کے مطابق چند سال قبل سرائے نعمت خان کے موضع بانڈہ منیر خان میں ملک طارق کے ہاتھوں ولی محمد کا قتل ہو گیا تھا جس پر ولی محمد کے ورثاء نے ملک طارق کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی جس پر وہ کئی سال تک روپوش رہا تاہم بعد ازاں گرفتار ہو کر سنٹرل جیل ہری پور پہنچ گئے اور کیس کا ٹرائل مقامی عدالت میں چلتا رہا جہاں پر کیس آخری مراحل میں تھا جس سے دونوں گروپوں کے درمیان خونی دشمنی کی آگ مزید پھیلنے کا خدشہ تھا۔

(جاری ہے)

علاقہ کی معروف بزرگ سماجی و سیاسی شخصیت اور معروف قانون دان قاضی محمد سعید ایڈووکیٹ نے دونوں گروپوں کے درمیان مصالحت کا کردار ادا کرتے ہوئے دونوں کو یہ معاملہ عدالت سے باہر جرگہ کے ذریعہ حل کرنے پر آمادہ کیا جس پر دونوں گروپوں نے حامی بھر لی اور گذشتہ روز اس حوالہ سے بانڈہ منیر خان میں ایک گرینڈ جر گہ منعقد ہوا جس میں معززین علاقہ کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر مقتول کے لواحقین نے قاضی محمد سعید کے ادب و احترام میں جرگہ کی وساطت سے اس کیس میں نامزد ملزم کو معاف کر دیا اور یوں دونوں خاندانوں کی خونی دشمنی ختم ہو گئی۔ عمائدین جرگہ و فریقین نے کامیاب مصالحتی کوششیں کروانے پر قاضی محمد سعید ایڈووکیٹ کو خراج تحسین پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :