ضلع وتحصیل ‘ویلج ‘نیبر ہوڈ کونسلوں کی خالی نشستوں پر آٹھویں ضمنی بلدیاتی انتخابات کیلئے شیڈول جاری

منگل 20 نومبر 2018 15:00

پشاور۔20 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2018ء) ضلع وتحصیل ‘ویلج ‘نیبر ہوڈ کونسلوں میں خالی نشستوں پر آٹھویں ضمنی بلدیاتی انتخابات23 دسمبر کوہونگے جس کیلئے کاغذات نامزدگی 22نومبر تک جمع کیے جائینگے‘ انتخابات تک سرکاری ملازمین کے تبادلوںاور وزیراعظم ‘سپیکر/ڈپٹی سپیکر قومی وصوبائی اسمبلی ‘وفاقی اور صوبائی وزراء کا ان کونسلوں میںجانے پر پابندی ہوگی‘ متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنر وزیراعظم ‘وزراء اور دیگر اعلیٰ شخصیات کے ساتھ پروٹوکول ڈیوٹی انجام نہیں دینگے۔

خیبرپختونخوا کے ضلع وتحصیل ‘ویلج ‘نیبر ہوڈ کونسلوں میں مجموعی طورپر 334خالی نشستوں پر 23دسمبر 2018ء کو ہونے والے ضمنی بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے‘ جو 22 نومبر تک جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

یہ انتخابات ضلع کوہستان کے علاوہ خیبرپختونخوا کے تمام 24اضلاع میں ہورہے ہیں۔ ای سی پی خیبرپختونخوا کے مطابق ضلع کونسلوںکی 65نشستوں ‘تحصیل کونسلوںکی38اور ویلج ونیبر ہوڈ کونسلوں کی 231 مختلف نشستوں پر یہ ضمنی انتخابات منعقد ہونگے۔

کاغذات نامزدگی کی وصولی کانوٹس 23نومبر2018ء کو جاری کیاجائیگا جبکہ کاغذات نامزدگیوں کی جانچ پڑتال 24تا27نومبر2018ء کو ہوگی۔ کاغذات کی منظوری اور مسترد ہونے کیخلاف اپیلیں 28 تا 29 نومبر2018ء کو داخل کی جاسکیں گی‘ اور ان اپیلوں پر فیصلہ 30نومبر اور یکم دسمبر 2018ء تک کیاجائیگا۔ امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی 3دسمبر تک واپس لے سکیں گے اور 4 دسمبر کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کرکے ان کو انتخاباتی نشانات الاٹ کیے جائینگے۔24دسمبر 2018ء کو ریٹرننگ افسران نتائج کا اعلان کرینگے۔