اے بی ڈیویلیئرز لاہور قلندرز کا حصہ بن گئے

پی ایس ایل 4کے ڈرافٹ اسلام آباد میں جاری ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 20 نومبر 2018 15:04

اے بی ڈیویلیئرز لاہور قلندرز کا حصہ بن گئے
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 نومبر 2018ء) پاکستان سپر لیگ کی تیسری مہنگی ترین فرنچائز لاہور قلندرز نے سابق جنوبی افریقی کپتان اے بی ڈیویلیئرز کو اپنے سکواڈ کا حصہ بنا لیا ہے۔ لاہور قلندرز کو پی ایس ایل ڈرافٹ کی پلاٹینیم کیٹگری میں پہلی پک ملی تھی جس میں اس نے اے بی ڈیویلیئرز اور سٹیو سمتھ میں سے کسی ایک کو چننا تھا ۔لاہور قلندرز پاکستان سپر لیگ کی ناکام ترین فرنچائز رہی ہے اور اس نے پی ایس ایل کے تین سیزنز میں26میں سے17مقابلوں میں شکست کھائی ہے ،لاہور قلندرز نے پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن میں کرس گیل کی خدمات حاصل کی تھیں لیکن گرس گیل انجری کا شکار ہونے کے باوجود لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے آئے اور5میچز میں محض20.60کی اوسط سے 103رنز سکور کرسکے تھے ۔

پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن سے قبل لاہور قلندرز کے لیگ سپنر یاسر شاہ ممنوعہ ادویات کے استعمال کے باعث پابندی کا شکا ر ہوگئے جبکہ مستفیض الرحمان زخمی ہونے کے باعث لاہور قلندرز کو جوائن نہیں کرسکے تھے،لاہور قلندرز کو پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن میں شان ٹیسٹ ، ڈووین براوو اور اینٹن ڈیو چچ کی خدمات سے بھی محروم ہونا پڑا تھا جب کہ پی ایس ایل تھری کے لیے انہوں نے آسٹریلیوی جارح مزاج بلے باز کرس لین کی خدمات حاصل کی تھیں جو بگ بیش لیگ کے دوران کندھے کے انجری کا شکار ہونے کے باعث ٹیم کو جوائن نہ کرسکے جبکہ فاسٹ باﺅلر سہیل خان بھی زخمی ہونے کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے ، لاہو ر قلندرز کے کپتان برینڈن میکولم بھی ایونٹ میں اپنا رنگ نہ جما سکے اور 2سیزنز کھیلنے کے باوجود ایک بھی نصف سنچری نہ بنا سکے ۔

(جاری ہے)