حضور اکرم ﷺ کی زندگی بنی نوع انسان کے لئے نمونہ اور مثال کی حیثیت رکھتی ہے

وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمدفاروق حیدر خان کا عید میلاد النبی ﷺکے موقع پر پیغام

منگل 20 نومبر 2018 15:49

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2018ء) وزیر اعظم راجہ محمدفاروق حیدر خان آزادکشمیر نے کہا ہے کہ حضور اکرم ﷺ کی زندگی بنی نوع انسان کیلئے ایک نمونہ اور مثال کی حیثیت رکھتی ہے اور رہتی دنیا تک مشعل راہ ہے، ان کے ارشادات کی تعمیل میں سر تسلیم خم کرکے ہی دنیا و اخروی زندگی کی نجات حاصل کی جاسکتی ہے۔ عید میلاد النبی ﷺکے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اسلا م ہمیں قربانی کا درس دیتا ہے، دین اسلام کی سربلندی اور اپنے بھائی بندوں کیلئے بڑی سے بڑی قربانی دینے سے دریغ نہیں کرنا چاہیے اور صبر واستقامت کا دامن کبھی ہاتھ سے جانے نہیںدینا چاہیے۔

12ربیع الاول کے مقدس دن کے موقع پر مقبوضہ کشمیر، فلسطین اور دنیا کے دیگر خطوں میں ہمارے مسلمان بھائی اور بہنیں اسلام کی سربلندی ،اپنی بقاء اور آزادی کے لئے اپنے خون کا نذرانہ دے کر اسلام کی شمع کو روشن کئے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی بہت پرانی اور لمبی ہے جو دو صدیوں پر محیط ہے، یہ خود کشمیریوں نے شروع کی ہے،کشمیری عوام نے اپنے اسلاف کے کارناموں کو نہ صرف زندہ رکھا بلکہ جدوجہد سے ساری دنیا پر یہ ثابت کردیا کہ کشمیری عوام مرمٹ سکتے ہیں لیکن اپنے پیدائشی حق ،حق خودارادیت سے کبھی دستبردار نہیں ہوسکتے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے حضور اکرم ﷺ کے بتائے ہوئے سنہری اصولوں پر عمل کرتے ہوئے یہ ثابت کیا کہ تحریک آزادی کیلئے بے پناہ قربانیاں دینا جانتے ہیں اور آزادی کی تحریک کی کامیابی تک قربانی دینے کا عزم رکھتے ہیں۔ وہ بھارت سے آزادی چاہتے ہیں اور کسی بھی قیمت پر وہ اپنے بنیادی حق ،حق خودارادیت کے حصول تک باطل کے آگے نہیں جھکیں گے، مسلمان کٹ توسکتا ہے لیکن جھک نہیں سکتا۔