موجودہ عالمی حالات اور خطے پر پڑنے والے ممکنہ اثرات کے پیش نظر حضور ﷺ کی تعلیمات اور ان کی اہمیت پہلے سے کئی زیادہ ہے، وزیر اطلاعات آزاد کشمیر راجہ مشتاق احمد منہاس کا عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر پیغام

منگل 20 نومبر 2018 15:49

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2018ء) آزاد کشمیر کے وزیر اطلاعات مشتاق منہاس نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی سچی تعلیمات کے نتیجہ میںآنے والے وقت میں ایک ایسا معاشرہ تشکیل پاگیا جس میں عدل و انصاف، مساوات، بھائی چارہ کی فضا ء قائم ہوگئی، موجودہ عالمی حالات اور خطے میں پڑنے والے ممکنہ اثرات کے پیش نظر حضور ﷺ کی تعلیمات اور ان کی اہمیت پہلے سے کئی زیادہ ہے، ہمیں باہمی اعتماد اور یکجہتی کا جو درس اسلام نے دیا ہے ان کو اپناتے ہوئے ہمیں علاقائی ،گروہی ،فرقہ وارانہ اور لسانی جھگڑوں کو یکسر ختم کر دینا چاہیے۔

وزیر اطلاعات نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج کے مقدس دن مقبوضہ کشمیر، فلسطین اور دنیا کے دیگر خطوں میں ہمارے مسلمان بھائی اور بہنیں اسلام کی سربلندی، اپنی بقاء اور آزادی کے لیے اپنے خون کا نذرانہ دے کر اسلام کی شمع کو روشن کئے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

مقبوضہ کشمیر میں عوام بھارت کے مظالم کا پوری جواں مردی ،جرات اور عزم صمیم کے ساتھ مقابلہ کررہے ہیں اور صبر واستقامت کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے اسلام کے ابدی دشمن کے ہر ظلم کے سامنے سینہ سپر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے تحریک آزادی کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں،آج ہم پھر انہیں سلام پیش کرتے ہیں اور انہیںیقین دلاتے ہیں کے کشمیری عوام کے مصائب کی سیاہ رات ختم ہونے والی ہے اور کشمیری عوام حق خودارادیت کے حصول کی کوششوں میں ضرور کامیاب و کامران ہوں گے۔