Live Updates

کامل ایمان انسان کے اندر اس وقت آتا ہے جب وہ نبی پاکؐ کے عشق میں مبتلا ہو کر آپؐ کا طریقہ اختیار کرتا ہے

اس بات پر تحقیق کی جائے کہ کس طرح آپؐ نے اپنے صحابہ کرام ؓکی تربیت کی اور مختصر مدت میں ان کی فتوحات کی وجہ سے اسلامی سلطنت مراکش سے وسطی ایشیا تک پھیل گئی وزیراعظم عمران خان نے عالمی رحمت اللعالمین ﷺکانفرنس میں سیرت طیبہ پر فی البدیہ، مدلل اور مربوط انداز میں اظہار خیال کرکے حاضرین محفل کو حیران کر دیا

منگل 20 نومبر 2018 16:13

کامل ایمان انسان کے اندر اس وقت آتا ہے جب وہ نبی پاکؐ کے عشق میں مبتلا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2018ء) وزیر اعظم عمران خان نے عالمی رحمت اللعالمین ﷺکانفرنس میں سیرت طیبہ پر فی البدیہ، مدلل اور مربوط انداز میں اظہار خیال کرکے حاضرین محفل کو حیران کردیا۔ منگل کو 2 روزہ عالمی رحمت اللعالمینﷺ کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کسی لکھی ہوئی تقریر کا سہارا لئے بغیر فی البدیہ انداز میں سیرت طیبہؐ کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا۔

بالخصوص انہوں نے آپؐ کے اپنے صحابہ کرامؓ کی کردار سازی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہاکہ ہم سب کو یہ بات دیکھنے کی ضرورت ہے کہ حضورؐ نے کس طرح اپنے ساتھیوں کی کردارسازی کی جس کی وجہ سے رومی اور ایرانی سلطنتیں مسلمانوں کے سامنے سرنگوں ہوئیں۔

(جاری ہے)

عمران خان نے سیرت طیبہ کے حوالے سے ملک کی تین بڑی یونیورسٹیوں میں سیرت چیئرز قائم کرنے کا اعلان کیا اور کہاکہ سب سے اولین ضرورت اس بات کی ہے کہ اس بات پر تحقیق کی جائے کہ کس طرح آپؐ نے اپنے صحابہ کرام ؓکی تربیت کی اور مختصر مدت میں ان کی فتوحات کی وجہ سے اسلامی سلطنت مراکش سے وسطی ایشیاء تک پھیل گئی ۔

عمران خان نے اپنی تقریر میں اس بات پرخاص طورپر زور دیا کہ برصغیر میں بھی اسلام صوفیائے کرام کے فلسفہ امن و محبت اور ان کے کردار کی وجہ سے پھیلا۔ عمران خان نے کہاکہ کامل ایمان انسان کے اندر اس وقت آتا ہے جب وہ نبی پاکؐ کے عشق میں مبتلا ہو کر آپؐ کا طریقہ اختیار کرتا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :