شہداء کی قربانیوں سے مسئلہ کشمیر عالمی توجہ کا مرکز بن گیا: میر واعظ

منگل 20 نومبر 2018 16:45

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 نومبر2018ء) حریت کانفرنس (ع) کے شیئرمین میر واعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے برصغیر کے معروف داعی دین اور پاکستان میں تبلیغی جماعت کے امیر اعلیٰ الحاج محمد عبدالوہاب کے انتقال پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے محمد عبدالوہاب مرحوم کی گئی دہائیوں پر مشتمل عالمی سطح پر دینی، دعوتی اور تبلیغی خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت ادا کیا ہے، اپنے بیان مٰن میر واعظ نے مرحوم کے انتقال کو نہ صرف برصغیر بلکہ دنیا بھر کی دینی جماعتوں، تنظیموں اور مسلمانوں کیلئے ایک بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے اللہ تبارک و تعالیٰ سے مرحوم رہنما کی مغفرت، جنت نشینی اور تمام سوگواروں کیلئے صبر جمیل اور نعم البدل کی دعا کی ہے، اس دوران میر واعظ نے ریبن زینہ پورہ شوپیاں میں سرکاری فورسز کے ساتھ معرکہ آرائی کے دوران شہید کئے گئے دو عسکریت پسندوں کو ان کی شہادت پر شاندار الفاظؓ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء کی قربانیوں نے بھارت کے جارحانہ کردار کو دنیا کے سامنے عیاں کردیا ہے، انہوں نے کہا کہ ہمارے یہ شہداء ایک بلند نصب العین کے حصول کیلئے اپنا گرم گرم خون نچھاور کر رہے ہیں، اور ان قربانیوں کی بدولت ہی مسئلہ کشمیر نہ صرف عالمی توجہ کا مرکز بن چکا ہے بلکہ کشمیری عوام کی خواہشات ار امنگوں کے مطابق اس مسئلہ کے منصفانہ حل کو پورے جنوب ایشیا کے دائمی امن اور استحکام کیلئے ناگزیر سمجھا جارہا ہے، میر واعظ نے کہا کہ بھارت کی جانب سے ظلم و جبر سے عبارت کاروائیاں یہاں کے عوام کے عزم اور حوصلے کو شکست دینے مٰں کام رہی ہیں اور وہ وقت دور نہیں ہے جب یہاں کے عوام اپنی قربانیوں کے بل پر اپنے مقصد کو حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔