اسلام آباد ہائی کورٹ ‘پشتون تحفظ موومنٹ کے سوشل اکاؤنٹس بند نہ ہونے پر سیکرٹری آئی ٹی سمیت دیگر سے جواب طلب

منگل 20 نومبر 2018 17:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 نومبر2018ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پشتون تحفظ موومنٹ کے سوشل میڈیا پر اکاؤنٹس بند نہ کئے جانے کے معاملے پر سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر سے جواب طلب کر لیا ۔ جسٹس عامر فاروق پر مشتمل سنگل رکنی بنچ نے درخواست پر سماعت کی۔ جب سماعت شروع ہوئی درخواست فرخ نواز بھتی کی جانب سے راجہ رضوان ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے عدالت سے استدعا کی کہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے عدالت میں بیان حلفی جمع کروانے کے باوجود عدالتی فیصلے پر عملدرآمد یقینی نہیں بنایا جا رہا ۔ فریقین کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ بعدازاں عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے مزید سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دی ۔ عدالت نے ہدایات جاری کیں فریقین آئندہ دس روز میں تحریری جواب جمع کروائے ۔ واضح رہے عدالت عالیہ اسلام آباد نے قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرنے اور غداری کے مترادف سوشل میڈیا پر تشہیر کا نوٹس لیتے ہوئے پشتون تحفظ موومنٹ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بند کرنے کا حکم دے رکھا ہے ۔