سادگی سے شادی کرنے اور فرسودہ روایات کو ختم کرنے والے پاکستانی جوڑے کی کہانی سوشل میڈیا پر وائرل

نوبیاہتا جوڑے نے شادی کی تقریب میں والدین اور قریبی عزیز واقارب کو بُلا کر مثال قائم کر دی، صارفین کا خیر مقدم

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 20 نومبر 2018 16:25

سادگی سے شادی کرنے اور فرسودہ روایات کو ختم کرنے والے پاکستانی جوڑے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 نومبر 2018ء) : شادی کا نام سُن کر ہی ذہن میں عروسی لباس میں سجی دلہن ، شیروانی میں ملبوس دلہا ، کسی تام جھام ، روشن قمقموں سے سجی تقریب کا خیال ذہن میں آتا ہے ۔ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ اسلامی ملک ہونے کے باوجود ہم نے شادی کی بیاہ کی تقریبات میں کئی ایسی رسومات بھی اپنے اوپر فرض کر لی ہیں جن کا حقیقی زندگی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

یہی نہیں بلکہ ایک شادی کی کئی کئی تقریبات ہوتی ہیں جن میں مایوں، مہندی ، ڈھولکی، قوالی نائٹ، بارات ، ولیمہ اور اس طرح کے کئی ایونٹس ہوتے ہیں لیکن آج کل کے دور میں ایسے کئی نوجوان لڑکے اور لڑکیاں ہیں جن میں اس حوالے سے شعور بیدار ہو چکا ہے اور وہ دھوم دھام سے شادی کرنے کو محض پیسے کا ضیاع قرار دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

ایسے ہی ایک جوڑے کی کہانی سوشل میڈیا پر حال ہی میں وائرل ہوئی جنہوں نے نہ تو مہنگے لباس زیب تن کیے، نہ کوئی تام جھام کیا اور نہ ہی فضول رسومات نبھائیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے پوسٹ میں اس جوڑے کی تصویر بھی موجود ہے۔ فیس بُک پوسٹ کے مطابق اس جوڑے نے 19 مئی 2018ء کو سادگی سے نکاح کیا ۔ اس پوسٹ میں موجود تصویر ان کے نکاح سے قریباً ایک گھنٹہ بعد کی ہے اور تصویر میں ان کی سادگی کو دیکھ کر کوئی بھی ان کی داد دئے بغیر نہ رہ سکا۔ پوسٹ کے مطابق نکاح کی تقرین انتہائی سادگی سے منعقد کی گئی جس میں دلہا اور دلہن کے والدین اور قریبی عزیز و اقارب نے شرکت کی ۔

نکاح کے بعد نو بیاہتا جوڑے نے سیر و تفریح کا پروگرام بنایا اور نتھیا گلی روانہ ہو گئے۔ اس شادی کی سادگی کا اندازہ یہاں سے لگایا جا سکتا ہے کہ دلہا دلہن نتھیا گلی سے اتوار کو واپس آئے اور پیر کی صبح اپنی اپنی نوکری کے لیے چلے گئے۔ جبکہ ولیمے کا کھانا ہم نے ایدھی سینٹر بھجوادیا۔ سوشل میڈیا پر سادگی سے کی گئی اس شادی کو خوب سراہا جا رہا ہے، سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ ہم سب کو فرسودہ روایات کو ختم کر کے شادی کو آسان بنانا چاہئیے۔

سوشل میڈیا پر اس جوڑے کی کہانی کو کئی مرتبہ شئیر کیا گیا۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ یہ پاکستان کا وہ عظیم جوڑا جنہوں نے سادہ آسان نکاح کی جانب پہلا قدم رکھا ۔ دونوں نے سادگی سے نکاح کیا اور نکاح میں والدین اور کچھ رشتہ دار تھے نہ کوئی مہندی، نہ ڈانس۔ ان دونوں بہت کم خرچ میں شادی کر کے دکھا دی اور ولیمے کے کھانے کو ایدھی سینٹر میں تقسیم کر دیا۔