پاکستانی نژاد آسٹریلیوی لیگ سپنر فواد احمد اب پی ایس ایل کھیلیں گے

لیگ سپنر نے 2010ءمیں آسٹریلیا میں سیاسی پناہ حاصل کی تھی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 20 نومبر 2018 16:39

پاکستانی نژاد آسٹریلیوی لیگ سپنر فواد احمد اب پی ایس ایل کھیلیں گے
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 نومبر 2018ء) طالبان کے ہاتھوں جان کے خطرے کے پیش نظر آسٹریلیا میں مستقل سکونت اختیار کرنے والے پاکستانی نژاد آسٹریلیوی لیگ سپنر فواد احمد اس سا ل پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے ایکشن میں نظر آئیں گے ۔ خیبر پختونخوا کے علاقے صوابی میں پیدا ہونے والے 36سالہ فواد احمد نے 2005ءمیں ایبٹ آباد کے لیے فرسٹ کلاس کیریئر کا آغاز کیا ،2010ءمیں فواد احمد نے اس بنیاد پر آسٹریلیا میں سیاسی پناہ حاصل کی کہ طالبان کے ہاتھوں ان کی جان کو خطرہ ہے۔

جولائی 2013ءمیں فواد احمد کو آسٹریلیا کی مستقل شہریت مل گئی جس کے بعد وہ کینگروز کی نمائندگی کے اہل ہوگئے ، انہوں نے اگست2013ءمیں آسٹریلیا کی جانب سے اپنے ٹی ٹونٹی کیریئر کا آغاز کیا اور اگلے مہینے انگلینڈ کے خلاف پہلا ون ڈے مقابلہ بھی کھیلا ،وہ اب تک آسٹریلیا کے لیے3ون ڈے میچز میں 48.33کی اوسط سے تین وکٹیں حاصل کرچکے ہیں جب کہ2ٹی ٹونٹی مقابلوں میں 22.67کی اوسط سے3مخالف بلے بازوں کو بھی پوویلین بھیجا ، فواد احمد اس وقت آسٹریلیا کی اے سائیڈ کے مستقل ممبر ہیں اور توقع کی جا رہی ہے کہ انھیں جلد ہی آسٹریلیا کی ٹیسٹ ٹیم میں شامل کر لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

فواد احمد کے علاوہ ایک اور پاکستانی نژاد آسٹریلوی عثمان خواجہ ٹیسٹ اور ون ڈے میچوں میں آسٹریلیا کی نمائندگی کر چکے ہیں۔فواد احمد کو پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے لیے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اپنے سکواڈ میں شامل کرلیا ہے اور اس بات کا بھی قوی امکان موجود ہے کہ اگر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ناک آﺅٹ راﺅنڈ کے لیے کوا لیفائی کرلیا تو فواد احمد ٹیم کے ہمراہ8سال بعد پاکستان آئیں گے ۔