پاکستان سٹیل T-20 گولڈ کپ، شالیمار سی سی کا فاتحانہ آغاز

منگل 20 نومبر 2018 17:44

پاکستان سٹیل T-20 گولڈ کپ، شالیمار سی سی کا فاتحانہ آغاز
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2018ء) شالیمار سی سی نے پاکستان سٹیل ٹی 20 گولڈ کپ کے پہلے میچ میں قائد آباد جم خانہ کو 110 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کر دیا۔ سٹیل ٹائون گرائونڈ پر فاتح ٹیم شالیمار سی سی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ20 اوورز میں7 وکٹوں کے نقصان پر206 رنز کا مجموعہ سکور بورڈ پر سجایا۔

ابھرتے ہوئے انڈر19 اوپننگ بلے باز احمد عبدالمالک نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے شاندار نصف سیچری59 رنز بنائے، اسد علی نی45 رنز ، ظہیرالدین نے بھی جارحانہ 37 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ شاہ زیب نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 4 اور اعماد نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جواب میں قائد آباد جم خانہ کی ٹیم نوجوان اور باصلاحیت بائولر خافدالنبی کی تباہ کن بولنگ کے باعث 18 اوورز میں صرف96 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

(جاری ہے)

سیف اللہ 15 اور رانا ندیم 12 رنز بنا سکے۔ خافدالنبی نے اپنی جادوئی بائولنگ کے ذریعے 3 حریف بلے بازوں کو پویلیین واپسی کا پروانہ تھمایا۔ ساحر خان نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ اسد اور فیصل کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔ میچ کے اختتام پر مینجر شالیمار سی سی عتیق احمد نے فاتح ٹیم شالیمار سی سی انڈر 19 اوپنر احمد عبدالمالک کو شاندار کارکردگی پر مین آف دی میچ ایوارڈ دیا۔

ٹورنامنٹ کے افتتاح کے موقع پر سیکرٹری سپورٹس بورڈ پاکستان سٹیل محمد سہیل نے کہا ہے کہ پاکستان سٹیل ٹی ٹونٹی گولڈ کپ کرکٹ ٹورنامنث کا انعقاد قابلِ ستائش اور حوصلہ افزا اقدام ہے، ٹورنامنث کے شاندار آغاز پر آرگنائزر کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، امید کرتا ہوں اس ایونٹ سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔ بعد ازاں مہمانِ خصوصی محمد سہیل نے بال کو ہٹ لگا کر ٹورنامنٹ کا رسمی افتتاح بھی کیا۔