وزیراعظم کی قیادت میں حکومت عوام کو بنیادی سہولیات دینے کے پختہ عزم پر عمل پیرا ہے، اعجاز احمد چوہدری

منگل نومبر 18:23

وزیراعظم کی قیادت میں حکومت عوام کو بنیادی سہولیات دینے کے پختہ عزم ..
لاہور۔20 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 نومبر2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل اعجاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، وزیراعظم کی قیادت میں حکومت عوام کو بنیادی سہولیات دینے کے پختہ عزم پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ترقی کی منازل طے کررہی ہے، وزیر اعظم عمران خان تمام وعدے پورے کریں گے،تمام وفاقی اور صوبائی وزراء عوام کی خدمت کے لیے سنجیدگی سے کام کر رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان ہمسایہ ممالک سے دوستانہ تعلقات بڑھانے کے خواہشمند ہیں،وزیراعظم کا پلان ملک کے ترقیاتی منصوبہ بندی کا مرکز ہے یہ پلان پاکستان کی قومی سلامتی کی ضمانت، سماجی خدمات میں انقلاب،وفاق پاکستان کا استحکام،طرز حکومت میں تبدیلی،معیشت کی بحالی، زرعی ترقی اور آبی وسائل کے تحفظ کا پیش خیمہ ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہاکہ تحریک انصاف کا اصلاحاتی ایجنڈا عوام دوست ہے جس کی تکمیل اداروں کی کارکردگی بہتر اور عوام کو ریلیف ملے گا، تحریک انصاف کے خلاف منفی پراپیگنڈہ کرنے والوں کو منہ کی کھانا پڑی ہے، تحریک انصاف کی حکومت مضبوط ہے ، عوام کے اعتماد پر پورا اُترے گی اور عنقریب ملکی مسائل پر قابو پا لے گی اور سازشی ٹولے جو مرضی کرلیں عمران خان کی قیادت میں پاکستان حقیقی معنوں میں ایک خودمختار اور فلاحی ریاست بنے گا۔