عید میلادالنبیؐ کادن ہمیں ایثار، قربانی، رواداری، مساوات، حقوق اللہ کے ساتھ حقوق العباد پر عمل پیرا ہونے کا درس دیتا ہے، محمد صادق سنجرانی کاپیغام

منگل 20 نومبر 2018 19:26

عید میلادالنبیؐ کادن ہمیں ایثار، قربانی، رواداری، مساوات، حقوق اللہ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2018ء) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے خاتم النبیین رحمة للعالمین حضرت محمدؐ کی پیدائش کے مبارک دن پر تمام مسلمانان عالم کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید میلادالنبیؐ کا دن ہمیں ایثار، قربانی، رواداری، مساوات، حقوق اللہ کے ساتھ حقوق العباد پر عمل پیرا ہونے کا درس دیتا ہے جو دنیا و آخرت میں فلاح و نجات کا ذریعہ ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ حضرت محمدؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر بہترین انسانیت کی مثال قائم کی جا سکتی ہے۔ بارہ ربیع الاول کا دن وجہ وجود کائنات کے ظہور میں آنے کا دن ہے۔ پاک پیغمبرؐ کے آنے سے انسان دشمنی، ظلم وبربریت، جہالت، جبرواستبداد، خواتین پر ظلم اور گمراہی کی تاریخ یکسر بدل گئی۔

(جاری ہے)

تہذیب انسانی کو وقار، ثقافت کو تقدس، علم کو وسعت، عمل کو طہارت، معاملات میں عفودرگزر اور جذبات کو پاکیزگی میسر آئی۔

بارہ ربیع الاول کا دن ہمیں حضرت محمدؐ سے عشق و محبت کا پیغام دیتاہے۔ پاک پیغمبرؐ سے پیار پوری انسانیت سے محبت کا درس دیتا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اس بابرکت دن کی تمام محفلیں آپؐکی ذات اقدس سے محبت کا پیغام دیتی ہیں۔ ہمیں اس مبارک موقع پر عہد کرنا چاہئے کہ ہم انتہا پسندانہ سوچ ، علاقائی تعصبات کو خیرآباد کہہ کر ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔

اپنے اندر اتحاد و اتفاق، باہمی محبت و رواداری اور احساس ذمہ داری جیسے اوصاف پیدا کریں جو ملک و قوم اور اقوام عالم کی ترقی کے لئے معاون ثابت ہوتے ہیں۔ اس بابرکت موقع پر ہم اپنے تمام شہداء غازیوں اور مجاہدوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے اس وطن عزیز اور اسلام کے تحفظ کے لئے اپنی جانوں کی قربانیاں دی ہیں۔ محمد صداق سنجرانی نے خدائے بزرگ وبرتر کی بارگاہ میں دعا کی کہ ہمیں اپنی زندگیاں آپؐکی تعلیمات کی روشنی میں گزارنے کی توفیق عطا فرمائے۔