وزیر اعظم کے گرین پاکستان پروگرام کی تکمیل کیلئے محکمہ زراعت پنجاب پیش پیش، شجرکاری مہم میں محکمہ زراعت پنجاب نے دیئے گئے ہدف سے کئی گنا زیادہ درخت لگا دیئے، ترجمان

منگل 20 نومبر 2018 20:04

لاہور۔20 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2018ء) ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے بتایا ہے کہ محکمہ زراعت پنجاب کو وزیر اعظم کے گرین پروگرام کے تحت چیف سیکرٹری پنجاب نے 9 لاکھ56 ہزار4 سو درخت لگانے کا ٹارگٹ دیا گیا تھا، محکمہ زراعت پنجاب نے اس عوامی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور اپنا ٹارگٹ120 فیصد تک حاصل کیا ہے اور اب تک محکمہ زراعت پنجاب11 لاکھ44 ہزار484 درخت لگا چکا ہے اور ابتک محکمہ زراعت کی سرسبز پاکستان کے تحت یہ مہم جاری ہے، ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ اس مہم کے نتیجے میںجاری موسمیاتی تبدیلیوں میں مثبت تبدیلیاں رونما ہوں گی اور اس سے موحولیاتی آلودگی میں کمی واقع ہوگی، محکمہ زراعت نے اس مہم کو قومی فریضہ سمجھ کر انجام دیا ہے ،پودوں کی بہتات ہونے سے صوبہ میں زمین کی زرخیزی میں اضافہ ہو گا اورجاری گرمی کی شدید لہر میں بہتری واقع ہوگی، صوبہ پنجاب کے موجودہ موسمی حالات اس جاری مہم کے متقاضی ہیں کیونکہ صوبہ زرعی فصلوں کے حوالے سے شدیدقسم کی موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث فصلوں کی بعض اقسام پر بہت برے اثرات مرتب ہو رہے ہیں، اس مہم کے نتیجے میں صوبہ میں جاری موسمی گرم لہر میں بہتری واقع ہوگی کیونکہ پودے فضاء میں موجود کاربن ڈائی آکسائیڈ گیس کو جذب کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور بدلے میں آکسیجن گیس کا اخراج کرتے ہیں جس سے ماحول میں ٹھنڈک کا احساس ہوتا ہے،درختوں کی جڑیں زمینی کٹائو کا عمل بھی روکنے کا باعث بنتی ہیں جس سے فصلوں کی بہتری کا عمل ہوتا ہے ، ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اس جاری مہم کی کامیابی کیلئے محکمہ زراعت پنجاب کا ساتھ دیں اور ان کے ساتھ پودے لگانے کاکام شانہ بشانہ قومی فرض سمجھ کر سرانجام دیں۔