ْامریکہ اپنے ڈالرز اور ہمارے گمشدہ افراد کے ورثا اپنے پیارے مانگ رہے ہیں،اسفندیار ولی خان

ملکی سالمیت کو ڈالرز کے عوض داؤ پر لگانے میں ملوث محرکات کے حوالے سے تحقیقات ضروری ہیں کئی وزراء تلخ حقیقت سے بخوبی آ گاہ ہیں البتہ ان کے منہ سے ذمہ داران کا نام نہیں نکل رہا ،،،عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی خان

منگل 20 نومبر 2018 20:33

ْامریکہ اپنے ڈالرز اور ہمارے گمشدہ افراد کے ورثا اپنے پیارے مانگ رہے ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ ملک کو کرپشن سے زیادہ امریکی جنگ نے ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے اور امریکی صدر کو صفائیاں دینے کی بجائے پہلے قوم کو آگاہ کیا جائے کہ ملکی سالمیت کو ڈالرز کے عوض داؤ پر لگانے میں کون سے محرکات ملوث ہیں ،پاکستان اور امریکہ کے درمیان جاری لفظی گولہ باری پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئئے انہوں نے کہا کہ مسلط وزیر اعظم کو سب سے پہلے اس حوالے سے تحقیقات کرنی چاہئے کہ ملک و قوم کو کس نے امریکی جنگ میں دھکیلا ، انہوں نے کہا کہ کابینہ میں شامل کئی وزراء اس تلخ حقیقت سے بخوبی آ گاہ ہیں البتہ ان کے منہ سے امریکی جنگ کے ذمہ داران کا نام نہیں نکل رہا ،انہوں نے کہا کہ زرداری دور سے پیچھے جا کر تاریخ کے اوراق پلٹنے سے تلخ حقائق سے پردہ اٹھے گا اور معلوم ہو جائے گا کہ ملک کی تباہی کے ذمہ دار کون سے عناصر ہیں ، اسفندیار ولی خان نے کہا کہ موجودہ صورتحال انتہائی مایوس کن ہے امریکہ اپنے ڈالرز اور ہمارے گمشدہ افراد کے ورثا اپنے پیارے مانگ رہے ہیں،انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ ریاست نے مصنوعی حالات پیدا کئے جس کی وجہ سے ملک کو حقیقی مشکلات میں دھکیل دیا گیا،غیر متوازن ذہنیتیں ’’سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر‘‘ پر لڑ کر بین الاقوامی مسائل حل نہیں کر سکتیں اس کے لئے صورتحال سے آگاہی اور ذمہ داران کا تعین بنیادی شرط ہے، انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری بدامنی کی لہر اور دیوالیہ پن جیسی صورتحال پر عالمی برادری میں تشویش بڑھتی جا رہی ہے جبکہ جس موضوع پر پالیمنٹ میں بحث ہونی چاہئے اسے ٹویٹر پر لڑا جا رہا ہے، اسفندیا ر ولی خان نے مزید کہا کہ وزیر اعظم یہ بات ذہن نشین کر لیں کہ پاکستان امریکی جنگ میں قربانی کا بکرا بن چکا ہے اور اب مزید کسی جنگ کا حصہ بننا ملک کی تباہی کے سوا کچھ نہیں ہو گا ، انہوں نے استفسار کیا کہ ماضی میں ملک کو امریکی جنگ میں دھکیلنے والوں کو بے نقاب کر کے ان کا احتساب کیا جائے ۔