نیب نے سابق وفاقی وزیر عاصمہ ارباب کیخلاف کرپشن کا ریفرنس دائر کرنے

،اکرم درانی اور روبینہ خالد کیخلاف تحقیقات کی منظوری دے دی نیب بدعنوانی کے خاتمے کیلئے احتساب سب کیلئے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، میگا کرپشن کیسز کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے،جسٹس (ر) جاوید اقبال

منگل 20 نومبر 2018 20:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2018ء) نیب نے سابق وفاقی وزیر عاصمہ ارباب کے خلاف کرپشن کا ریفرنس دائر کرنے جبکہ اکرم درانی اور روبینہ خالد کیخلاف تحقیقات کی منظوری دے دی۔منگل کو قومی احتساب بیورو کی جانب سے جاری اعلامئے کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں انکوائریوں اور ریفرنسز کی منظوری دی گئی۔

نیب اعلامئے کے مطابق سابق وفاقی وزیر عاصمہ ارباب عالمگیر کیخلاف بدعنوانی کاریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی جبکہ سابق وائس چانسلر عبدالولی خان یونیورسٹی مردان ڈاکٹر احسان کے خلاف بھی ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔اعلامئے کے مطابق سابق وفاقی وزیر اکرم درانی، سینیٹر روبینہ خالد، وی سی بے نظیر بھٹو یونیورسٹی لیاری ڈاکٹر اختر بلوچ اور مسیرز کوسموس پروڈکشن کی انتظامیہ کے خلاف بھی تحقیقات کی منظوری دی گئی۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ شیخ زید میڈیکل کمپلیکس لاہور کے سابق پروفیسر ڈاکٹر اجمل حسن نقوی کے خلاف انکوائری بند کرنے کی منظوری دی گئی۔چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ نیب بدعنوانی کے خاتمے کیلئے احتساب سب کیلئے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، میگا کرپشن کیسز کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔