پاکستان کی طرح آزادکشمیرمیں بھی جشن عید میلادالنبیﷺ کو سرکاری طورپرشایان شان اندازسے منانے کا فیصلہ

منگل 20 نومبر 2018 21:10

مظفرآباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2018ء) پاکستان کی طرح آزادکشمیرمیں بھی جشن عید میلادالنبیﷺ کو سرکاری طورپرشایان شان اندازسے منانے کا فیصلہ کیا گیاہے ملک بھر کی طرح آزادومقبوضہ کشمیرمیں بھی جشن عیدمیلادالنبیﷺ آج مذہبی جوش و جذبہ اور اس عہد کی تجدیدکے ساتھ منائی جارہی ہے کہ تحفظ ناموس رسالت و ختم نبوت ﷺ کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

پاکستان کی طرح آزادکشمیرمیں بھی جشن عید میلادالنبیﷺ کو سرکاری طورپرشایان شان اندازسے منانے کا فیصلہ کیا گیاہے ‘حکومت آزادکشمیر کی طرف سے مرکزی سیرت کمیٹی کے اشتراک سے جشن عیدمیلادالنبیﷺ کے حوالہ سے ماہ ربیع الاول کے دوران پورا ماہ مختلف تعلیمی اداروں اور دیگر سرکاری محکموں میں درودوسلام کی محافل ،محافل میلادالنبیﷺ کا انعقاد ‘ سرکاری، نیم سرکاری ونجی عمارات پر چراغاں سمیت دیگر تقریبات کاانعقادکیاجارہاہے ۔

(جاری ہے)

دارالحکومت میں ایوان صدر، ایوان وزیراعظم،سیکرٹریٹ ہاء سمیت تمام سرکاری عمارات پر چراغاں اورقومی پرچم،جھنڈیاں اور سبزگنبدوالے پرچم لہرائے گئے ہیں اورپورا شہر نورکامنظر پیش کررہاہے۔ ہر طرف سے درودوسلام کی صدائین بلند ہو رہی ہیں۔12ربیع الاول عیدمیلادالنبیﷺ کے باسعادت موقع پرپورے آزادکشمیر میں اظہارتشکر اور تذکیرو تجدید ایمان کی خاطرحسب سابق عام تعطیل ہوگی، دن کاآغاز مساجد میں تلاوت قرآن کریم، صلوٰة و سلام اوردعائوں سے ہوگا‘ آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں حسب سابق بعدنماز فجر مرکزی عیدگاہ میں تقریب پرچم کشائی و سلامی منعقدہوگی ‘جہاں محکمہ شہری دفاع کا دستہ اور مرکزی سیرت کمیٹی سکیورٹی سکواڈ کا دستہ سلامی پیش کرے گا۔

پرچم کشائی وسلامی فوری بعدپاک فوج کی جانب سے پاکستان کے تمام صوبوں کی طرح دارالحکومت مظفرآبادمیں21 جبکہ وفاقی دارالحکومت میں31توپوں کی سلامی پیش کیا جائے گی۔12ربیع الاول صبح 9:00بجے قدیمی جامع مسجد سلطانی میں حسب سابق جشن عیدمیلادالنبیﷺ کی افتتاحی نشست/جلسہ میلادالنبیﷺ منعقدہوگا، اس جلسہ ئِ میلادالنبیﷺ میں علماء کرام کے علاوہ وزراء حکومت ایم ایل ایز سمیت کثیر تعدادمیں عاشقان رسول شریک ہوں گے۔

جلسہ میلادالنبیﷺ کے بعد دن 10:00بجے جشن عیدمیلادالنبیﷺ کا مرکزی جلوس نکالاجائے گا۔ جلوس کی قیادت وزیراعظم آزادکشمیرراجہ محمدفاروق حیدرخان، صدر مرکزی سیرت کمیٹی صاحبزادہ محمدسلیم چشتی سمیت دیگر علماء کرام کریں گے۔مرکزی جلوس ِ میلادالنبیﷺ مقررہ راستوں سے گزرکر اپراڈہ مدنی چوک میں اختتام پزیرہوگا جہاں قومی سیرت النبیﷺ کانفرنس منعقدہوگی، مہمان خصوصی صدر ریاست سردارمحمدمسعودخان کانفرنس کی صدارت کریں گے‘جید علماء کرام خطاب فرمائیں گے۔

دیگراضلاع و ڈویژن ہاء میں اسی طرح کی تقریبات کا انعقاد اور اہتمام کیا جائے گا۔تمام ضلعی صدرمقامات پر تقاریب کاانتظام دپٹی کمشنرصاحبان اور انچارج ایڈمنسٹریٹر صاحبان مقامی میلادکمیٹیوں کے اشتراک سے کریں گے۔مختلف تعلیمی اداروں ، مدارس اور ضرورت مندوں میں تحائف کی تقسیم، مٹھائی پیش کیا جائے گی۔مریضوں کی عیادت پھل اور تحائف پیش کئے جائیں گے ۔

بازاروں،گلیوں محلوں، مساجد و مدارس میں صفائی ستھرائی اورتقریبات جشن عیدمیلادالنبیﷺ میں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں، حکومت کی جانب سے سرکاری نوٹیفکیشن پر مکمل عملدرآمد کی ہدائت کی گئی ہے۔ مرکزی سیرت کمیٹی نے حکومت آزادکشمیر کی جانب سے ماہ میلادالنبیﷺ کو شایان شان انداز سے منانے کے حوالہ سے تقریبات کے شیڈول کا بھرپورخیر مقدم کرتے ہوئے جملہ عاشقان رسول سے ان تقریبات میں بڑھ چڑھ کر شامل ہونے کی اپیل کی ہے۔

سیکرٹری جنرل مرکزی سیرت کمیٹی عتیق احمد رضا نے کہاہے کہ عالم کفرمتحد ہو کر اسلام کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے اور مختلف حیلوں بہانوں سے مذہب اسلام اور پیغمبر اسلام جناب ِحضرت محمدمصطفی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان اقدس میں توہین کی ناپاک جسارت کی جارہی ہے ۔ ایسے حالات میں ملک میں افراتفری اور انتشار کی فضا قائم کرنے کے بجائے تمام عاشقان رسول جشن عید میلادالنبیﷺ کو بھرپور انداسے منائیں اور نبی مکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اپنی والہانہ عقیدت کا اظہار کریں اور دشمنان اسلام جشن میلادالنبیﷺ مناکر پیغام دیں کہ مسلمان اپنے کریم آقا علیہ السلام سے کس قدر محبت رکھتے ہیں ۔