صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے پاکستان میں ترکمانستان کے سفیر اور ڈپلومیٹک کور کے ڈین عطاء جان معلموف کی ملاقات

منگل نومبر 21:32

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے پاکستان میں ترکمانستان کے سفیر اور ڈپلومیٹک ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 نومبر2018ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے پاکستان میں ترکمانستان کے سفیر اور ڈپلومیٹک کور کے ڈین عطاء جان معلموف نے منگل کو یہاں ایوان صدر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان ترکمانستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے جو مشترکہ ثقافت و تاریخ پر مبنی ہیں اور ان تعلقات کو تمام شعبوں میں مزید بڑھانے کا خواہاں ہے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکمانستان کی کاروباری برادریوں کے درمیان ہم آہنگی اور روابط کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ ترکمانستان خطہ میں توانائی کے حب کے طور پر اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ صدر مملکت نے ترکمانستان۔افغانستان۔پاکستان۔انڈیا (تاپی) گیس پائپ لائن پراجیکٹ کی تکمیل کے حوالہ سے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے عطاء جان معلموف کی 2012ء سے پاکستان میں ترکمانستان کے سفیر کی حیثیت سے خدمات کو سراہا۔