یو ای ٹی لاہور میں عید میلاد النبی ؐ کی خصوصی تقریب کا انعقاد

منگل 20 نومبر 2018 21:44

لاہور۔20 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2018ء) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے زیر انتظام ما ہ ربیع الاوّل کی مناسبت سے "محفل مِد حت ِرسول ؐ " کا اہتمام کیا گیاجس میں مقابلہ حسن قرات،نعت،سیرت کوئزاور مضمون نویسی کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔ علاوہ ازیں معروف شعراء اکرام نے اپنے تعتیہ کلام پیش کئے۔تقریب میں و ائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر فضل احمدخالد،ڈینز ، فیکلٹی ممبرز، شعبہ جات کے سربراہوں سمیت طلباء طالبات کی بڑی تعدادنے شرکت کی ۔

تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر عبدالستار شاکرنے مطالعہ سیرت کی ضرورت و اہمیت اور موجودہ دور کے تقاضوں پر روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی نے اسوہ حسنہ کو ہمارے لئے بہترین نمونہ قرار دیا ہے لہذادنیا میں امن اور سلامتی صرف سیرت نبویﷺ اور آپؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو نے سے ہی یقینی بنائی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

حضور اکرم ﷺ کا پیغام پوری انسانیت کے لئے امن، محبت اور رواداری کی تعلیم دیتا ہے۔

ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ سیرت طیبہ ﷺپر خود عمل پیرا ہو کر دوسروں کو خیر کی دعوت دیں اور اس کے ثمرات و نتائج سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میانہ روی، فلاح عامہ، باہمی اخوت و محبت، امن و سلامتی کی راہ پر سیرت طیبہ کی راہ ہے۔ ہم امن کے بانی اور داعی نبی اکرم ﷺکی امت ہیں جنہیں پوری انسانیت کے محسن ہونے کا بجا طور پر فخر حاصل ہے۔

انہوں نے طلبا ء وطالبات کو زندگی کے ہر میدان میں اسوہ حِسنہ سے رہنمائی حاصل کرنے کی تلقین کی۔پروفیسر ڈاکٹر حماد لکھنوی نے بطور مقرر سیرت پاک ؐ اور اسوہ حسنہ کے مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالی۔ڈاکٹر حماد کا کہنا تھا کہ عفو و درگزر عدم برداشت کی پہلی سیڑھی ہے۔اگر آپ چاہتے ہیں کہ اللہ رب العزت آپ کے گناہ معاف کر دے تو لوگوں کے ساتھ معافی والا معاملہ روا رکھیں۔حضور ﷺ کا اسوہ حسنہ بھی ہمیں یہی سکھاتا ہے۔نعتیہ شاعر نجیب احمد نے سیرت ﷺ کے مختلف پہلوئوں کو اپنی نعتیہ شاعری کے ذریعے اجاگر کیا۔تقریب کے احتتام پرپروفیسر ڈاکٹر عبدالستار شاکر نے مقابلوںمیں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات کو شیلڈز پیش کیں ۔