مولاناسمیع الحق شہید اپنی ذات میں جامع الصفات تھے،تعزیتی ریفرنس

اسلام کی سربلندی اور پاکستان کے استحکام وسلامتی میں مولاناسمیع الحق نے ہمیشہ اہم کرداراداکیا مولاناسمیع الحق نے ناموس رسالت کیلئے آوازحق بلند کرنے کی پاداش میں جان کا نذرانہ پیش کردیاجو تمام مسلمانوں کیلئے تقلید کا نمونہ ہے ،علامہ احمدعلی مدنی،مفتی حماداللہ مدنی، سابق صوبائی وزیر عبدالحسیب، حافظ احمدعلی، مولاناتاج محمد حنفی، حافظ نعیم،شکیل قاسمی ودیگر کا خطاب

منگل 20 نومبر 2018 21:56

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2018ء) جمعیت علمائے اسلام کے امیر مولاناسمیع الحق شہیدکی یادمیںمرکزی رہنماعلامہ احمدعلی مدنی کی زیر نگرانی اور صوبائی ناظم مفتی حماداللہ مدنی کی دعوت پر منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے سابق صوبائی وزیر عبدالحسیب، جے یوآئی کے مرکزی رہنما حافظ احمدعلی، اہلسنّت والجماعت کراچی کے جنرل سیکریٹری مولاناتاج محمد حنفی، جے یوآئی ف کے رہنماسابق ایم پی اے حافظ نعیم، جمعیت علمائے پاکستان کے رہنمامحمدشکیل قاسمی، تحریک اسلامی کے قاضی اخترحسین،ق لیگ سندھ کے جوائنٹ سیکریٹری سہیل قریشی ، مولانا لیاقت رحمانی،مولاناغلام مصطفی فاروقی، مفتی فیضان شفیع ،مسلم اسٹوڈنٹس کے عافیت صدیقی ودیگرنے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ مولاناسمیع الحق شہید اپنی ذات میں جامع الصفات تھے،انہوں نے اسلام کی سربلندی اور پاکستان کے استحکام وسلامتی میں ہمیشہ اہم کرداراداکیا،پاکستان میں چلنے والی دینی وسیاسی تحریکوں میں انہوں نے اپنی جماعت کے ساتھ ہراول دستے کا کرداراداکیااور ملک میں شریعت کے نفاذکی جدوجہد میں ساری زندگی وقف کردی،مولاناسمیع الحق نے پاکستان میں بسنے والے تمام مکاتب فکر کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے کی کاوشیں بروئے کارلاتے ہوئے ملی یکجہتی کونسل کی بنیادرکھی اور مذہبی طبقے کو سیاسی میدان میں نکالنے کے لئے متحدہ مجلس عمل کی تشکیل میں کرداراداکیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جہادافغانستان میں ان کا قائدانہ ومجاہدانہ کردارکسی سے پوشیدہ نہیں ہے، انہوں نے پاکستان کی سلامتی کو درپیش خطرات کے پیش نظر دفاع پاکستان کونسل قائم کی اور آخری دم تک وطن عزیزکی سلامتی اور استحکام کے لئے کاوشیں بروئے کارلاتے رہے۔انہوں نے کہاکہ مولاناسمیع الحق کی شہادت بلاشبہ قومی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے،ان کے قاتلوں کی تاحال عدم گرفتاری لمحہء فکریہ ہے۔

مقررین نے کہاکہ مولاناسمیع الحق نے ناموس رسالت کے لئے آوازحق بلند کرنے کی پاداش میں جان کا نذرانہ پیش کردیاجو تمام مسلمانوں کے لئے تقلید کا نمونہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ شہادتوں سے گھبرانے والے نہیں بلکہ شہادت توہماری میراث ہے، مولاناسمیع الحق کا مشن ہرحال میں جاری رکھیں گے۔اس موقع پر قراردادکے ذریعے قادیابنی سرگرمیوں پر فی الفورپابندی لگانے اور مولاناسمیع الحق کے قاتلوں کی گرفتاری کامطالبہ کیاگیاجبکہ تبلیغی جماعت کے امیر حاجی عبدالوہاب اور علامہ احمدعلی مدنی کے بھائی مفتی غلام مرتضیٰ رحمانی کی رحلت کو امت مسلمہ کے لئے ناقابل تلافی نقصان قراردیاگیا۔