پی ایس ایل 2019ء، پلیئرز ڈرافٹنگ، لاہور قلندرز نے ڈی ویلیئرز، حفیظ، بریتھویٹ اور کورے اینڈرسن کو چن لیا، سٹیون سمتھ اور شاہد آفریدی چھٹی ٹیم کا حصہ ہوں گے، مصباح الحق کی حیران کن طور پر پشاور زلمی میں شمولیت، ڈیرن سیمی زلمی کے کپتان برقرار

منگل 20 نومبر 2018 22:12

پی ایس ایل 2019ء، پلیئرز ڈرافٹنگ، لاہور قلندرز نے ڈی ویلیئرز، حفیظ، بریتھویٹ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2018ء) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن کے سلسلے میں کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ میں لاہور قلندرز نے اے بی ڈی ویلیئرز، محمد حفیظ، کارلوس بریتھویٹ اور کورے اینڈرسن کو چن لیا، چھٹی فرنچائز نے سٹیون سمتھ اور شاہد آفریدی کو اپنا بنا لیا، پشاور زلمی نے حیران کن طور پر مصباح الحق کو خرید لیا، مصباح الحق کی شمولیت کے باوجود ڈیرن سیمی کپتان برقرار رہیں گے۔

منگل کو پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کے سلسلے میں پلیئرز ڈرافٹنگ کی تقریب یہاں اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی سمیت فرنچائزز کے آنرز، کو آنرز، کوچز، مینجرز، سابق کرکٹرز نے شرکت کی، ڈرافٹنگ سے قبل چیئرمین پی سی بی نے تمام فرنچائزز کے آنرز میں شیلڈز تقسیم کیں۔

(جاری ہے)

تقریب کے دوران ایونٹ میں شامل 6 فرنچائز پشاور زلمی، کراچی کنگز، لاہور قلندرز، اسلام آباد یونائیٹڈ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور چھٹی ٹیم جس کا نام حتمی نہیں کیا گیا نے 633 ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں کا چنائو کیا، ڈرافٹنگ میں شامل کھلاڑیوں کو پلاٹینئم، ڈائمنڈ، گولڈ، سلور اور ایمرجنگ کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے، سب سے پہلے گزشتہ برس منعقدہ ایونٹ میں آخری نمبر پر رہنے والی ٹیم لاہور قلندرز نے بولی لگائی جس نے سابق جنوبی افریقن سٹارز اے بی ڈی ویلیئرز کو پلاٹینیم کیٹگری سے خرید لیا، محمد حفیظ، کورے اینڈرسن اور کارلوس بریتھویٹ بھی قلندرز کی طرف سے صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے، لاہور قلندر نے گولڈ کیٹیگری میں نیپال کے سندیپ، سلور کیٹیگری میں حارث سہیل، شاہین شاہ آفریدی، آغا سلمان، سہیل اختر اور حسن خان کا انتخاب کیا جب کہ ایمرجنگ کیٹیگری میں محمد عمران کو منتخب کیا گیا، مصباح الحق جو کہ گزشتہ تین سیزن تک اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھ منسلک رہے کو پشاور زلمی نے چن لیا، کیرن پولارڈ بھی پشاور زلمی کی طرف سے ایکشن میں نظر آئیں گے، زلمی نے گولڈ کیٹیگری میں عمر امین اور ڈیوڈ میلان کو چنا، سلور کیٹیگری میں صہیب مقصود، وین میڈسین اور جمال انور کو منتخب کیا، شاہد آفریدی کو چھٹی ٹیم نے منتخب کرلیا جبکہ آسٹریلوی کرکٹر سٹیون سمتھ بھی اسی فرنچائز کا حصہ ہوں گے، گولڈ کیٹیگری میں قیس احمد اور نیکولیس پورن اور سلور کیٹیگری میں سے لوری ایونز اور نعمان علی کا انتخاب کیا گیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پلاٹینیم کیٹگری سے ڈیوائن براوو، گولڈ کیٹیگری میں فواد احمد اور سلور کیٹیگری میں محمد اصغر، دانش عزیز اور احسان علی، ایمرجنگ پلئیرز کیٹیگری میں غلام مدثر اور نسیم شاہ کا انتخاب کیا، کراچی کنگز نے پلاٹینئم کیٹیگری میں بابراعظم کو برقرار رکھا تھا اور کھلاڑیوں کے انتخاب کیلئے گولڈ اور سلور کیٹیگریز کا چنائو کیا، کنگز نے گولڈ کیٹیگری میں سکندر رضا کا انتخاب کیا جب کہ سلور کیٹیگری میں سے اویس ضیاء، لیگ اسپنر اوسامہ میر، آل راؤنڈر افتخار احمد، سہیل خان ایرون سمر کا انتخاب کیا، دو مرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائٹیڈ نے پلاٹینیم کیٹیگری میں سے این بیل کا انتخاب کیا جب کہ گولڈ کیٹیگری میں سامت پٹیل اور سلور کیٹیگری میں کیمرون ڈیلپورٹ کو چنا، موسی خان اور ناصر نواز کو ایمرجنگ پلئیرز میں منتخب کیا۔

پاکستان سپر لیگ 4 کی ڈرافٹنگ کے دوران لاہور قلندرز نے پلاٹینم کیٹیگری میں اے بی ڈی ویلئرز کو چن لیا، چھٹی ٹیم نے اسٹیو اسمتھ کا انتخاب کرلیا جب کہ لاہور قلندرز نے پلاٹینم پلیئر کی کیٹیگری میں محمد حفیظ کو خریدلیا۔ واضح رہے کہ پی ایس ایل فور کا آغاز آئندہ سال 14 فروری سے یو اے ای میں ہو گا، ایونٹ کے آٹھ میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے جبکہ دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 17 مارچ کو کراچی میں شیڈول ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔