سید علی احسان اپٹما کے بلا مقابلہ مرکزی چیئرمین منتخب

نوید گلزار اور آصف انعام سینٹرل وائس چیئرمین منتخب ہوئے

منگل 20 نومبر 2018 22:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2018ء) سید علی احسان آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما ) کے بلا مقابلہ مرکزی چیئرمین منتخب ہو گئے جبکہ نوید گلزار اور آصف انعام سینٹرل وائس چیئرمین منتخب ہوئے ۔ اپٹما کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پشاور ہائیکورٹ کے احکام پر انتخابی نتائج کا اعلان روکا گیا تھا اب پشاور ہائیکورٹ نے پٹیشن نمٹا دی ہے جس کے بعد نتائج کا اعلان کیا گیا ۔

سید علی احسان اپٹما پنجاب کے چیئرمین کے طور پر بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں ، وہ معروف بزنسمین ہیں اور لاہور کے معروف علی فیملی سے تعلق رکھتے ہیں ۔ انکے چچا سید واجد علی،سعید سہگل اور میاں بشیر کے ساتھ 1957ء میں اپٹما کے فائونڈرز میں سے ہیں ۔ انتخابی نتائج کے اعلان کے بعد سید علی احسان نے ایگزیکٹو کمیٹی ممبرز کے ساتھ میٹنگ کی جنہوں نے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سید علی احسان نے کہا کہ وہ ملک بھر میں ممبرز کے حقوق کے تحفظ کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گے ۔ملک میں انڈسٹری کی بحالی کے لئے بھرپور کردار ادا کریں گے تاکہ برآمدات پانچ سال میں دگنی ہو کر 28ارب ڈالر تک پہنچ جائے ۔تاہم اس کے لئے ضروری ہے کہ حکومت انڈسٹری دوست ماحول فراہم کرے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ کوشش کریں گے کہ خطے میں انرجی کی قیمتوں کے مطابق پاکستان میں بھی گیس اور بجلی کی قیمتیں مقرر کروائیں ۔

انہوں نے کہا کہ وہ ملک میں انڈسٹری کے استعمال کے لئے کوٹن اور پولیسٹر کی درآمد کی راہ میں رکاوٹوں کو دور کروائیں گے ۔ ریفنڈز کی ادائیگی کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے ۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ انڈسٹری کی ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر قومی معیشت کے اہداف کو حاصل کیا جائے ۔