سینئر صحافی حسین نقی کے اعزاز میں نیشنل پریس کلب میں تقریب کا انعقاد

منگل 20 نومبر 2018 22:47

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2018ء) سینئر صحافی حسین نقی نے کہا ہے کہ ہر دور میں صحافت کا کردار اہم رہا ہے، قیام پاکستان سے ہی آزادی صحافت کا گلا گھوٹنے کا سلسلہ شروع ہوا اور مختلف طریقوں سے پابندیوں کی کوشش کی گئی، آمریت کے ادوار ہمیشہ صحافیوں کے لئے مشکل رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو نیشنل پریس کلب میں اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

حسین نقی نے کہا کہ میں نے ہمیشہ قانون کی بالادستی کیلئے جدوجہد اور عدالتوں کا احترام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج نیشنل پریس کلب میں ہریالی دیکھ کر خوشی ہوئی ہے اور یہاں پر یادگار شہداء ہمیں آزادی صحافت کے لئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والوں کی یاد دلاتی رہے گی، نوجوان صحافیوں کو مخلص ہوکر اپنے شعبے سے محبت کرنی چاہئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سینئر صحافی محمد ضیاء الدین احمد نے کہا کہ حسین نقی ہمارے لئے مشعل راہ ہیں، زمانہ طالب علمی میں انہوں نے آزادی صحافت کے لئے کوڈ آف کنڈکٹ جاری کیا اور اپنے ہم عصروں کو جرنلزم کے اصول سکھائے۔

اس موقع پر پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ نے کہا کہ سارے باشعور لوگوں کو معلوم ہے کہ آنے والا وقت میڈیا کیلئے سازگار نہیں جو بات آج ہم کر رہے ہیں وہ عاصمہ جہانگیر دو سال پہلے کر چکی ہیں۔ سینئر صحافی حامد میر نے کہا کہ آج ہمارے لئے خوشی کا دن ہے کہ حسین نقی کے اعزاز میں تقریب نے ہم سب کو مل بیٹھنے کا موقع فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی صفوں کو درست کرنے کے ساتھ ساتھ اختلافات ختم کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حسین نقی کی شخصیت ہمارے لئے مشعل راہ ہے، نوجوان صحافیوں کو ان سے بہت کچھ سیکھنا چاہئے۔ اس موقع پر صدر نیشنل پریس کلب طارق چوہدری، صدر آر آئی یوجے مبارک زیب خان اور ناصر ملک نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :