پنجاب اسمبلی کی 90سالہ تاریخ میں پہلی بار محفل میلاد کا اہتمام

خاتم الرسل ،رحمت اللعالمینﷺ کی ذات اقدس سے محبت اور انکی پیروی ہمارے ایمان کا لازمی جزو ہے، چودھری پرویز الٰہی درود شریف غموں اور پریشانیوںسے نجات کا نسخہ کیمیا ہے ،پروفیسر ڈاکٹر اے آر خالد

منگل 20 نومبر 2018 23:31

پنجاب اسمبلی کی 90سالہ تاریخ میں پہلی بار محفل میلاد کا اہتمام
لاہور۔20 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2018ء) پنجاب اسمبلی کی 90سالہ تاریخ میں پہلی دفعہ پنجاب اسمبلی میںمحفل میلاد کا اہتمام کیا گیا جس کے مہمان خصوصی پروفیسر اے آر خالد تھے جبکہ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے صدارت کی،پنجاب اسمبلی کے افسران اور ملازمین نے شرکت کی،معروف نعت خواں محبوب احمد ہمدانی نے نبی اکرم ﷺ کی شان اقدس میں نعت پیش کی، میلاد کی تقریب نعرئہ تکبیر اور درود پاک کی صدائوں سے گونجتی رہی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کی 90سالہ تاریخ میں پہلی دفعہ محفل میلاد کا اہتمام کیا گیاہے،انہوں نے کہا کہ خاتم الرسل، رحمت للعالمین ﷺکی ذات اقدس سے محبت اور ان کی پیروی ہمارے ایمان کا لازمی جزو ہے۔

(جاری ہے)

چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ اسمبلی کی نئی بلڈنگ کا افتتاح بھی محفل میلاد سے کریں گے۔انہوں نے کہا کہ مخلوق خدا کو معاف کرناسیکھیں کہ یہی آقا ؐکی سیرت ہے۔

بھلائی کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ نبی اکرم ؐ کی حیات مبارکہ مسلمانوں کے لیے بہترین نمونہ ہے، ہم سب مخلوق کے لیے وہ کام کریں جس سے اللہ تعالٰی راضی ہوں۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ میری ہر سانس اللہ کی عطا ہے اللہ مجھے اپنے شکر گزار بندوں میں شامل رکھے۔ سپیکر نے دنیا کی بے ثباتی کا ذکر تے ہوئے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ بادشاہ بھی دنیا سے خالی ہاتھ گئے۔

پروفیسر ڈاکٹر اے آر خالد نے اپنے خطاب میں سامعین کو درود شریف کی برکتوں سے آگاہ کیا اورکہا کہ درود شریف غموں اور پریشانیوںسے نجات کا نسخہ کیمیاء ہے ، پنجاب اسمبلی کے اسسٹنٹ سکیورٹی آفیسر محمد مقبول فانی نے کلام اقبال پیش کر کے سامعین کے دلوں کر گرمایا ۔قاری خالد محمود نے ملکی سلامتی اوراستحکام کی دعا کروائی۔