فواد چوہدری اپنے قد سے بڑھ کر باتیں نہ کریں،سینیٹر صابر بلوچ

منگل 20 نومبر 2018 23:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 نومبر2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر صابر بلوچ نے فواد چوہدری کو تنبیہہ کی ہے کہ وہ اپنے قد سے بڑھ کر باتیں نہ کریں۔ وفاقی وزیر کو بلوچستان کو دی جانے والی رقم تو یاد ہے لیکن بلوچستان میں معصوم انسانوں کا بہنے والا خون اور مقتول یاد نہیں۔ وزیراطلاعات کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سینیٹر صابر بلوچ نے کہا کہ فواد چوہدری اور پی ٹی آئی کے دیگر وزرائ نے صدر آصف علی زرداری پر الزام تراشی کرنے کی عادت بنا لی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چاروں صوبوں کے عوام میں مقبول قیادت کے خلاف گھٹیا زبان استعمال کرنے سے قومی یکجہتی کمزور ہوتی ہے۔ سینیٹر صابر بلوچ نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے آغاز حقوق بلوچستان کے ذریعے بلوچستان پر لگنے والے زخموں پر مرہم رکھا تھا۔

(جاری ہے)

فواد چوہدری ان زخموں کو کریدنے کی کوشش نہ کریں اور یہ بتائیں کہ بلوچستان کو 15000 ارب روپے کس مد میں دئیے گئے تھی سینیٹر صابر بلوچ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے وزرائ اپنے قد سے بڑھ کر بڑھکیں نہ ماریں کیونکہ نہ صرف وفاق بلکہ بلوچستان کے عوام کے مینڈیٹ کو چوری کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کا ازالہ کرے گی اور بلوچستان کے عوام کی احساس محرومی ختم کرے گی۔ن