سیالکوٹ کے شہریوں کے لیے خوشخبری

سیالکوٹ سے شارجہ کے لیے براہ راست پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس منگل 20 نومبر 2018 23:41

سیالکوٹ کے شہریوں کے لیے خوشخبری
سیالکوٹ (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-20 نومبر 2018ء) سیالکوٹ سے شارجہ کے لیے براہ راست پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ ملکی سطح کے ساتھ ساتھ صوبائی سطح پر بھی ایک اہم ائیرپورٹ تصور کیا جاتا ہے جہاں سے روزانہ اندرون ملک کے ساتھ ساتھ بیرون ملک کے لیے پروازیں روانہ بھی ہوتی ہیں۔اس ائیرپورٹ سے سیالکوٹ اور اس کے قرب و جوار کے رہنے والے استفادہ کرتے ہیں۔

تاہم ایک عرصے سے سیالکوٹ سے شارجہ کے لیے پروازیں نہیں جا رہی تھیں۔اس حوالے سے تازہ ترین خبر یہ ہے کہ پی آئی اے اپنے بند کئے گئے منافع بخش روٹس پر پروازیں دوبارہ سے شروع کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں لاہور سے مسقط کے بعد اب سیالکوٹ سے شارجہ کے لئے بھی پروازیں دوبارہ شروع کی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

ی آئی اے کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئرمارشل ارشد ملک نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سیالکوٹ پاکستانی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور اس کا دنیا سے تیز رفتار رابطہ نا گزیر ہے۔

پی آئی اے نے پاکستان کے پہلے نجی شعبے کے تحت چلنے والے ائر پورٹ سے سب سے پہلے اپنی پروازیں شروع کیں۔ پی آئی اے مستقبل میں سیالکوٹ سے یورپی ممالک کے لئے بھی پروازوں کی منصوبہ بندی کر رہی۔ ایئر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ ان کی یہ کوشش ہے کہ پی آئی اے کے ریونیو میں اضافہ کیا جائے اور مسافروں کو ان کے قریب ترین ایئر پورٹس سے بہترین سفری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور اس سلسلے میں پی آئی اے کی مارکیٹنگ ٹیم حکمت عملی طے کر رہی ہے۔