بابا گورو نانک دیو جی کے 549ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سے 3ہزار سے زائد سکھ یاتری پاکستان پہنچ گئے، چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ و دیگر افسران کی طرف سے پرتپاک استقبال

بابا گرونانک سکھ مسلم اتحاد کے جس رشتے کی بنیاد تھی وہ مضبوط سے مضبوط تر ہوتا چلا جا رہا ہے،طاہر احسان، عید میلاد النبیؐ کے موقع پر سکھ برادری مسلمان بھائیوں کو مبارکباد پیش کرتی ہے،جتھہ لیڈر امرجیت سنگھ

بدھ 21 نومبر 2018 15:50

لاہور ۔21نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2018ء) بابا گورو نانک دیو جی کے 549ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سے 3ہزار سے زائد سکھ یاتری واہگہ کے راستے پاکستان پہنچ گئے، خصوصی ٹرینوں کے ذریعے واہگہ ریلوے اسٹیشن پہنچنے پر چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ طاہر احسان،سیکرٹری طارق وزیر،پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان سردار تارا سنگھ اور بورڈ کے اعلی افسران نے یاتریوں کا پرتپاک استقبال کیا ،چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ طاہر احسان نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بابا گرونانک سکھ مسلم اتحاد کے جس رشتے کی بنیاد تھی وہ مضبوط سے مضبوط تر ہوتا چلا جا رہا ہے،انہوں نے کہا کہ 12ربیع لاول حضرت محمد ﷺ کی ولادت با سعادت کا دن ہے،ہمیں ان کی اسلامی تعلیمات کی روشنی میں محبت اور بھائی چارے کو فروغ دینا چاہئیے،انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان غیر مسلموں کو بھی مساوی حقوق دیتا ہے،حکومت پاکستان نے اس دفعہ سکھ یاتریوں کیلئے رہائش ،کھانے پینے کے بہترین انتظامات کے ساتھ ساتھ سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے ہیں،اس موقع پر سکھ یاتریوں کے جتھہ لیڈر سردار امر جیت سنگھ نے کہا کہ عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر سکھ برادری مسلمان بھائیوں کو مبارکباد پیش کرتی ہے،انہوں نے کہا کہ سکھ یاتریوں کا پاکستان میں شاندار استقبال محبت اور دوستی کی واضح مثال ہے کہ حکومت پاکستان کے ساتھ ساتھ پاکستانی عوام بھی سکھ برادری سے پیار کرتی ہے،انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ آئندہ سال بابا گرونانک کے 550ویں جنم دن پر کرتار پور بارڈر کھولا جائے جو دونوں حکومتوں کی طرف سے سکھ برادری کیلئے ایک بہترین تحفہ ہوگا، امر جیت سنگھ نے کہا کہ آئندہ سال جنم دن پر 10ہزار سے زائد سکھ یاتریوں کی پاکستان آمد متوقع ہے اس لئے ویزوں کا بھی اسی تعداد میں اجراء ہونا چاہئیے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ جنم دن کی تقریبات میں شرکت کر سکیں، پردھان سردار تارا سنگھ نے کہا کہ ہم بورڈ کی جانب سے سکھ یاتریوں اور بابا گورو نانک کے جنم دن کے حوالے سے کیے جانے والے انتظامات سے مطمئن ہیں اور امید ہے سکھ مہمان بھی ان اقدامات سے خوش ہوں گے ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ جنم دن کی مرکزی تقریب 23نومبر کو گورو دوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں منعقد ہو گی جس میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری مہمان خصوصی ہوں گے جبکہ مختلف سیاسی مذہبی اور اقلیتی رہنماء بھی شرکت کریں گے،اس سلسلہ میں گورو دوارہ جنم استھان کو بہترین اور خوبصورت انداز میںسجایا گیا ہے،سکھ یاتری آج 22نومبر کو گورو دوارہ سچا سودا فاروق آباد یاترا کے بعد واپس جنم استھان ننکانہ صاحب قیام کریں گے،سکھ یاتری 24نومبر کو بذریعہ سپیشل ٹرین گورو دوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال جائیں گے اور ایک روز قیام کے بعد 26نومبر کو گورو دوارہ ڈیرہ صاحب لاہورآئیں گے ایک روز قیام کے بعد 28نومبر کو یاتر ی گورو دوارہ روہڑی صاحب ایمن آباد اور گورو دوارہ دربار صاحب کرتار پور نارووال کا دورہ کریں گے اور واپس لاہور آئیں گے سکھ یاتری30نومبر کوسپیشل ٹرین کے ذریعے واپس بھارت چلے جائیں گے۔