Live Updates

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ہر سال کی طرح رواں سال بھی سیرت النبیؐ اور نعت رسول مقبولؐ پر کتب لکھنے والوں میں انعامات تقسیم کیے

بدھ 21 نومبر 2018 16:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2018ء) عید میلاد النبیؐ کے موقع پر یہاں کنونشن سنٹر میں ’’مسلمانوں کی ذمہ داریاں، اسلامی تعلیمات کی روشنی میں‘‘ کے موضوع پر رحمت العالمینؐ کانفرنس کے اختتامی سیشن کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ہر سال کی طرح رواں سال بھی سیرت النبیؐ اور نعت رسول مقبولؐ پر کتب لکھنے والوں میں انعامات تقسیم کیے۔

اس موقع پر کل 53ادیبوں اور شاعروں کوانعامات سے نوازا گیا۔ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے 39شخصیات کو انعامات دئیے جبکہ بدھ کو کانفرنس کے آخری سیشن میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کتب سیرت و نعت کے مقابلوں میں شریک نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے 14ادیبوں اور شعراء میں انعامات تقسیم کیے۔

(جاری ہے)

بچوں کے لئے سیرت کی کتاب لکھنے پر کراچی سے تعلق رکھنے والی حافظہ راحت عائشہ کو پہلا جبکہ لاہور سے عمران مشتاق کو دوسرا اور ملتان سے تعلق رکھنے والے علیم عمران ممتاز کو تیسرا انعام دیا گیا، اسی طرح بنوں سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر حسین محمد قریشی اور ناصر دائود سمیت علاقائی زبانوں میں سیرت النبیؐ پر کتابیں لکھنے والوں کو بھی انعامات سے نوازا گیا۔

اسی طرح کتب اُردو نعت کیٹیگری میں محمد طفیل اعظمی کو پہلے، محمد امین ساجد سعیدی کو دوسرے اور ضیاء اللہ حیدر کو تیسرے انعام سے نوازا گیا۔ صدر مملکت نے ملاکنڈ سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر علی خیل کو پشتو زبان میں نعت پر کتاب لکھنے اور شکار پور سے تعلق رکھنے والے غلام محمد قادری کو سندھی زبان میں کتاب لکھنے پر انعام سے نوازا۔ اس کے علاوہ انہوں نے مقابلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے دیگر ادیبوں اور شعراء کو بھی خصوصی انعامات سے نوازا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نور الحق قادری نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو خصوصی شیلڈ پیش کی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات